اسلام آباد،سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کا ہیلتھ رسک الاؤنس نہ ملنے کیخلاف احتجاج

بدھ 9 ستمبر 2015 14:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) وفاقی دارالحکومت کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے ہیلتھ رسک الاؤنس نہ ملنے کیخلاف دوسرے دن بھی احتجاج اور نادرا چوک پر دھرنادیئے رکھا، جس کے باعث ریڈ زون میں واقع دفاترکے ملازمین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا،نادرا چوک پر دھرنے کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کو احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف نے صبح سویرے ہی نادرا چوک پر ڈیرے ڈال دیئے، جس کے نتیجے میں ریڈ زون میں داخل ہونے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین نے ہیلتھ رسک الاؤنس نہ ملنے کیخلاف حکومت کیخلاف نعرہ بازی اور مطالبات کے پورا نہ ہونے تک احتجاج جاری رکھنے اور مریضوں کے بائیکاٹ کا بھی اعلان کیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف مظاہرین سے حکومت نے مذاکرات کی کوشش کی جو کہ مطالبات کے فوری نہ ماننے کے باعث ناکام ہو گئی۔ ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف نے موقف اختیار کیا کہ جب تک ہیلتھ رسک الاؤنس بحال نہیں ہوتا دھرنا ختم نہیں کریں گے۔ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث بدھ کو بھی پمز ، پولی کلینک اور کیپٹل ہسپتال کے تمام آؤٹ ڈور بند رہے تاہم ایمرجنسی یونٹ کھلے رہے۔اسلام آباد انتظامیہ نے احتجاج کے باعث نادرا چوک پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کر رکھی ہے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے علاوہ ملتان اور فیصل آباد میں بھی ڈاکٹروں نے ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کے لئے ہسپتالوں میں آؤٹ ڈور یونٹس کا بائیکاٹ کیاہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں