مدارس کے حوالہ سے اصلاحات پر اتفاق رائے سے ملکی سطح پر ہم آہنگی بڑھے گی،علماء کرام

بدھ 9 ستمبر 2015 18:19

اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) علماء کرام نے مدارس کے حوالہ سے اصلاحات پر اتفاق رائے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ملکی سطح پر ہم آہنگی بڑھے گی اور اختلاف ختم ہو نگے۔ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ آفیئرز چینل کے پروگرامز نقطہ نظراور پرسپیکٹو میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ مدارس کے بارے میں ہونے والا اجلاس بہت اہمیت کا حامل ہے۔

رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے کہا ہے کہ اجلاس میں حکومت اور علماء نے اتفاق رائے سے تمام مسائل کو حل کرنے کا فیصلہ کیا۔ مدارس کے مسائل جلد ہی وزارت مذہبی امور سے وزارت تعلیم کو منتقل کر دیئے جائیں گے اور مدارس کو تعلیمی اداروں کا درجہ حاصل ہو گا۔اس کے علاوہ تمام مدارس کی رجسٹریشن کا طریقہ کار بھی طے کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

پاکستان علماء کونسل کے سربراہ مولانا طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ کے علماء کا اجلاس میں دینی مدارس کی پانچوں تنظمیوں کے درمیان اتفاق رائے ہوا ہے جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔

انہوں نے علماء کی طرف سے نیشنل ایکشن پلان کی حمایت کا یقین دلایا۔وفاق المدارس کے سیکریٹر ی جنرل مولانا حنیف جالندھری نے کہا ہے کہ ایسا پہلی بار ہوا کہ حکومت عسکری اور مذہبی قیادت کے درمیان مدارس کی اصلاح پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ اب مدارس میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء حساب انگلش اور سائنس کی تعلیم بھی حاصل کریں گے تاکہ وہ دنیا کے ساتھ چل سکیں۔ میجر جنرل (ر) جمشید ایاز نے کہا کہ حکومت اورعلماء کے درمیان مدارس کی رجسٹریشن اور نصاب کی اصلا ح کیلئے اتفاقِ رائے اہم پیش رفت ہے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں