مدارس کے حوالہ سے حکمت عملی ، اہم اجلاس (کل)وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا،چاروں وزرائے اعلیٰ ،چیف سیکرٹریز اوراعلیٰ حکام شرکت کریں گے

اجلاس کے دوسرے حصہ کی صدارت وزیراعظم کریں گے، آرمی چیف اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ بھی شریک ہوں گے،ترجمان وزارت داخلہ

بدھ 9 ستمبر 2015 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 09 ستمبر۔2015ء) مدارس کے حوالہ سے حکمت عملی ترتیب دینے کے لئے ایک اہم اجلاس (کل) جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ ،چیف سیکرٹریز اوراعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔یہ اجلاس دو مراحل میں ہوگا جس کے پہلے مرحلہ کی صدارت وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان جبکہ دوسرے حصہ کی صدارت وزیراعظم محمد نواز شریف کریں گے اور اس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ بھی شریک ہوں گے۔

وزارت داخلہ کے ایک بیان کے مطابق وزیرِاعظم ہاوس کے اس اہم اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، آزاد جموں کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتی قیادت اورتمام صوبوں کے چیف سیکرٹری شرکت کریں گے۔ اجلاس کے پہلے حصے کی صدارت وزیرِداخلہ چوہدری نثار علی خان کریں گے جبکہ اجلاس کے دوسرے حصے میں وزیر اعظم صدارت کریں گے۔

(جاری ہے)

اس اجلاس میں آرمی چیف اور انٹیلی جنس اداروں کے سربراہ بھی موجود ہوں گے۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان، ملکی سیکیورٹی اور دیگر قومی معاملات کے بارے میں اہم فیصلے کیے جائیں گے۔ اجلاس کے بعد شام پانچ بجے وزیرِداخلہ پنجاب ہاؤس میں اہم پریس کانفرنس کریں گے۔ یاد رہے کہ اسی سلسلے میں پیر کے روز بھی ایک اہم اجلاس وزیرِاعظم ہاؤس میں منعقد کیا گیا تھا کہ جس کی صدارت وزیرِداخلہ اور بعد میں وزیرِاعظم نے کی اس اجلاس میں مدارس کے پانچوں وفاق سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام نے شرکت کی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں