پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے قبل مختلف علاقوں میں ڈویلپمنٹ فنڈز جاری کرنا پنجاب حکومت کی انتخابات سے قبل دھاندلی ہے؛رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان

جمعرات 10 ستمبر 2015 16:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) پیپلزپارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے قبل مختلف علاقوں میں ڈویلپمنٹ فنڈز جاری کرنا پنجاب حکومت کی انتخابات سے قبل دھاندلی ہے۔ بلدیاتی انتخابات سے قبل متنازع حلقہ بندیوں پر شدید تحفظات پر الیکشن کمیشن کے اجلاس میں بات کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز اسلام آباد میں الیکشن کمیسن کے اجلاس کے بعد الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر رہنما پیپلزپارٹی شیری رحمان نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل حکومت پنجاب نے مختلف علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے رقم جاری کی ہے جو کہ پری پول رگنگ کے زمرے میں آتا ہے جبکہ ترقیاتی فنڈز بھی اپنی من پسند تنظیمون کو ہی دیا جا رہا ہے اور مخالفین کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو تفصیلی طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کے اجلاس کے دوران ووٹر لسٹوں کے حوالے سے بھی بات کی گئی ہے جن میں کہیں خامیاں ہیں۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران سندھ اور پنجاب کے حوالے سے متنازعہ حلقہ بندیوں پر بھی بات چیت کی گئی جبکہ سندھ میں نئی حلقہ بندیوں کے حوالے سے پیپلزپارٹی کو شدید تحفظات ہیں۔ اس حوالے سے 100 سے زائد درخواستیں دائر کی گئی ہیں الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے جلد نوٹس لینا چاہئے اور پیپلزپارٹی کے تحفظات دور کرنے چاہئیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں