پاکستان پولیو میں 2014 میں 306 کیسز سے کم ہو کر اس سال 32 کیسز تک پہنچا ہے، یہ پولیو پروگرام کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے، وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے پاکستان میں پولیو میں بہترین کارکردگی پر مبارکباد

جمعرات 10 ستمبر 2015 21:35

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء ) وزیر اعظم نواز شریف گزشتہ روز وزیر اعظم ہاؤس میں پولیو کی قومی ٹاسک فورس کے اجلاس کی صدارت کی ۔ میٹنگ میں تمام وزراء اعلی اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال شریک تھے۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان پولیو میں 2014 میں 306 کیسز سے کم ہو کر اس سال 32 کیسز تک پہنچا ہے۔ جو کہ پولیو پروگرام کی بہتر کارکردگی کا ثبوت ہے۔

انہوں نے تمام وزراء اعلی کی کارکردگی کی تعریف کی اور بالخصوص وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو کے کردار کو سراہا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ تمام بین الاقوامی ادارے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کر چکے ہیں۔ جو ہمارے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپریشن ضرب عضب اور شورش زدہ علاقوں میں پاک فوج کے عملی تعاون سے پولیو کی صورت حال کو یکسر بدلنے میں مدد ملی ہے۔

وزیر اعظم نے اس بات کا یقین دلایا کہ وفاقی حکومت اس پروگرام پر عمل درآمد کے لیے صوبوں کو تمام تر وسائل فراہم کرتی رہے گی۔ اور صوبائی حکومتوں سے بھی کہا کہ پولیو کے پروگرام کو اولین ترجیح دیں تاکہ ایک موذی مرض کے خاتمے کا ہدف حاصل ہو سکے۔ اس سے پہلے وزیر اعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سنیٹر عائشہ رضا فاروق نے پاکستان کی پولیو کے خاتمے کے حوالے سے کارکردگی اور چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے بتایا کہ نہ صرف پولیو کے کیسز میں 82 فیصد کمی آئی ہے بلکہ ماحول میں پولیو کے وائرس کی موجودگی 54 فیصد سے کم ہو کر 9 فیصد رہ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باقی ماندہ چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے صوبائی حکومتوں کو اس مہم پر عمل درآمد کو مزید بہتر بنانا ہو گا۔ عائشہ رضا فاروق نے مزید کہا کہ اس حوالہ سے آئندہ 9 پولیو مہم میں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ اجلاس سے تمام وزراء اعلی اور صوبائی اداروں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں