اسلام آباد ہائی کورٹ نے بنوں جیل پر حملے کے ملزم کی فوجی عدالت کی سزا کے خلاف حکم امتناع کی استدعا مسترد کر دی

وزارت داخلہ کو نوٹس جاری ، جواب طلب کر لیا،سماعت آئندہ ہفتے ہو گی

جمعرات 10 ستمبر 2015 22:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 ستمبر۔2015ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بنوں جیل پر حملے کے الزام میں فوجی عدالت کی سزا کے خلاف حکم امتناعی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔ مزید سماعت آئندہ ہفتے میں ہو گی۔جمعرات کو فوجی عدالت سے سزائے موت کے مجرم طاہر کے والد میر شاہ خان کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت عدالت عالیہ کے جسٹس نور الحق این قریشی نے کی۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پر درخواست کے وکیل بابر اعوان نے فاضل عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ طاہر 24 فروری 2014ء کو لاپتہ ہوا ، 3 ستمبر 2015ء کو معلوم ہوا کہ فوجی عدالت نے سزا سنا دی ، سزا سے قبل الزامات بتائے گئے اور نہ ہی دفاع کا موقع دیا گیا جبکہ دوسری جانب ٹرائل کورٹ کی دستاویزات اور فیصلے کی نقل بھی نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنا چاہتے ہیں لہٰذا درخواست کے فیصلے تک سزائے موت پر عملدرآمد روکا جائے اور عدالتی دستاویزات فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ فاضل جسٹس نے سزائے موت پر عملدرآمد کے خلاف حکم امتناع کی استدعا مسترد کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے جواب طلب کر لیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں