سعودی عرب پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، شہزادہ سلطان بن سعود بن محمد بن سعود الکبیر

جمعہ 11 ستمبر 2015 16:27

سعودی عرب پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتا ہے، شہزادہ سلطان بن سعود بن محمد بن سعود الکبیر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) سعودی شہزادہ سلطان بن سعود بن محمد بن سعود الکبیر نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر مزمل حسین صابری سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سعوری عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں خاص طور پر توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک پر امید ملک ہے اور وہ پاکستان میں شمسی اور پن بجلی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہے جس کا مقصد پاکستان میں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کے مواقع تلاش کرنا ہے۔ تاہم آئندہ جب وہ پاکستان آئیں گے تو مکمل تیاری کے ساتھ آئیں گے تا کہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنا سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کی خاندانی کمپنی المرائی دنیا کی سیمنٹ بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ المرائی گروپ گیس، پیٹرو کیمکلز، تعمیرات، ٹرانسپورٹ اور لاجسٹیک، فوڈ اور مشروبات، ٹیلیکام اور بینکنگ سمیت دیگر شعبوں میں کاروبار کر رہا ہے اور اب وہ پاکستان میں توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقعوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ سمینز، جنرل الیکٹرک اور انٹرنیشنل پاور سمیت کئی انٹرنیشنل کمپنیاں پہلے ہی پاکستان کے توانائی شعبے میں کام کر رہی ہیں اور عمدہ منافع کما رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پچاس فیصد توانائی کی پیداوار نجی کمپنیوں کے ذریعے کی جا رہی ہے جبکہ موجودہ حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر شاندار مراعات پیش کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتر ہو رہی ہے اور یہی مناسب وقت ہے کہ سعودی عرب کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے پر توجہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے سرمایہ کاروں کیلئے پاکستان میں تعمیرات، انفراسٹرکچر کی ترقی اور معدنیات کی تلاش سمیت متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے عمدہ مواقع موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کی طرف سے پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے سے دونوں ممالک کے تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد شکیل منیر نے سعودی وفد کو پاکستان کے ماربل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے بارے میں بتایا اور کہا کہ سعودی سرمایہ کار ماربل کی ویلیو ایڈیڈ مصنوعات تیار کرنے کیلئے پاکستان میں جوائنٹ وینچرز قائم کرنے پر توجہ دیں۔

اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد اشفاق حسین چٹھہ،محمد اشتیاق قریشی اور دیگر نے بھی پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی و اقتصادی تعلقات کو بہتر کرنے کیلئے مفید تجاویز پیش کیں۔

سعودی عرب پاکستان کے توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں گہری دلچسپی ..

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں