کشمیر، فلسطین، بوسنیا، عراق، شام ،لیبیا سمیت مسائل کا شکار تمام خطوں کی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں، ممنون حسین

دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچا ، ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے ،ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائیگا، صدر مملکت کی سعودی پارلیمانی وفد سے گفتگو

جمعہ 11 ستمبر 2015 17:22

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیر، فلسطین، بوسنیا، عراق، شام اور لیبیا سمیت ان تمام خطوں کے عوام کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے جو مسائل کا شکار ہیں۔صدر مملکت نے یہ بات سعودی عرب کے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے جمعہ کو ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔

سعودی وفد کی قیادت ڈاکٹر عطاء اﷲ بن احمد ابوحسن نے کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے اور حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہشت گردی کی ہر شکل کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائیگا۔ اس سلسلے میں آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات انتہائی مخلصانہ اور برادرانہ ہیں جس کی دنیا میں کوئی مثال ملنا کم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی رابطوں میں مزید اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کے بہت مفید اثرات مرتب ہونگے۔ اس موقع پر سعودی وفد کے سربراہ ڈاکٹر عطاء اﷲ بن احمد ابوحسن نے صدر مملکت کو خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔ صدر مملکت نے بھی خادم الحرمین شریفین کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ان کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر قومی اسمبلی کے قائم مقام سپیکر مرتضی جاوید عباسی، رکن قومی اسمبلی میاں عبدالمنان، پاکستان میں سعودی سفیر عبداﷲ بن مرزوق الضہرانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں