ایس ای سی پی نے ادارے میں اردو کے اجراء کی جامع حکمت عملی کی منظورکرلی

جمعہ 11 ستمبر 2015 20:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء ) سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن نے ادارے میں اردو کو رائج کرنے کی جامع حکمت عملی کی منظورکرلی ہے،چیئرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی نے کہا کہ ملک میں اردو کے نفاذ کا عدالت عظمیٰ کا فیصلہ تاریخ ساز ہے، قائد اعظم محمد علی جناح کایہ یقین تھا کہ اردو ہی اس ملک کے باسیوں کو ایک لڑی میں پرو کر رکھ سکتی ہے۔

جمعہ کوایس ای سی پی کے چیئرمین ظفر حجازی کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں ایس ای سے پی سے متعلقہ تمام قوانین اور قواعد و ضوابط، ریگولیشنز کے اردو زبان میں ترجمے کے لئے ایک خصوصی شعبہ بنانے کی منظوری دی گئی۔ مزیدبرآں کمیشن نے فوری طور پراردو کو دفتری زبان قرار دیتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام افسران و ملازمین روزمرہ کے اجلاسوں ، سیمیناروں ، قانونی کارروائیوں کی سماعت اردو میں کریں گے۔

(جاری ہے)

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایسے سامعین کے ساتھ اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں جو کہ اردو نہ سمجھ سکتے ہوں، مترجم کو ساتھ رکھا جائے گا۔کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ایس ای سی پی کی کمپنیوں اور دیگر تمام قسم کے بیرونی شراکت داروں کے ساتھ بھی اردو میں مراسلہ نگاری شروع کی جائے گی۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایس ای سی پی کی تمام دستاویزات میں خط نستعلیق کا استعمال کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ کمیشن نے ایس ای سی پی کی اردو زبان میں سرکاری ویب سائٹ بنانے کے بھی منظوری دی۔اس موقع پر ایس ای سی پی کے چئیرمین ظفر حجازی نے کہا کہ ملک میں اردو کے نفاذ سے متعلق عدالت عالیہ کا فیصلہ تاریخ ساز ہے۔ انہوں نے تمام دیگر کمشنروں اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ اردو کے نفاذ کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور اور مکمل ایمانداری کے ساتھ کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یہ یقین تھا کہ اردو ہی وہ زبان ہے جو کہ اس ملک کے باسیوں کو ایک لڑی میں پرو کر رکھ سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں