تحریک انصاف کا جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل کی جانب سے بعض پاکستانیوں کے خلاف متعصبانہ اور انتقام پر مبنی کارروائیوں کے حوالے سے اطلاعات پر انتہائی تشویش کا اظہار

پاکستانی سفیر اوروزارت خارجہ اس پورے معاملے کا فوری نوٹس ،دنیا بھر میں مقیم پاکستانی شہریوں کی جان و مال اور سلامتی یقینی بنانا حکومت کا بنیادی فریضہ ہے،سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق

جمعہ 11 ستمبر 2015 21:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 11 ستمبر۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے جدہ میں پاکستانی قونصل جنرل کی جانب سے بعض پاکستانیوں کے خلاف متعصبانہ اور انتقام پر مبنی کارروائیوں کے حوالے سے اطلاعات پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا ہے اور فضل سبحان نامی شخص کے خلاف اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر اور وزارت خارجہ اس پورے معاملے کا نہ صرف فوری نوٹس لیں بلکہ پاکستان کمیونٹی سکول سے منسلک فضل سبحان نامی شخص کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی نوعیت اور ان کی قانونی حیثیت سے پوری قوم کو آگاہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی، پاکستان کا سرمایہ ہیں جو نہ صرف دیارِ غیر میں اپنے بچوں کیلئے روزی کمانے میں مصروف ہیں بلکہ ملکی معیشت کی تعمیر وترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، ایسے میں سفارت خانوں میں متعین بعض بدعنوان عناصر ان کی مشکلات میں کمی لانے کی بجائے ان کے خلاف طرح طرح کے مسائل پیدا کرنے میں مصروف ہیں جو کہ انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جدہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق فضل سبحان ایک عرصے سے کمیونٹی سکول کے ذریعے پاکستانی بچوں کی تعلیم و تربیت کے انتظامات میں مصروف ہے اور اس حوالے سے شاندار خدمات سرانجام دے چکے ہیں ایسے میں قونصل جنرل کی جانب سے ان کے خلاف انتقامی کارروائیاں ناقابلِ فہم اور باعث تشویش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بھی پاکستانی شہری کے خلاف کوئی شکایت موصول ہوتی ہے تو اس کے خلاف شفاف ٹرائل کے حصول کو مد نظر رکھتے ہوئے کارروائی ضرور کی جانی چاہیے تاہم کسی بھی شہری کو انتقام کا نشانہ بنانا یا غیر ملکی اداروں کے رحم و کرم پر چھوڑنا کسی صورت حوصلہ افزاء نہیں، چنانچہ وزارت خارجہ اور سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر اس پورے معاملے کا نوٹس لیں اور اس حوالے سے قانون اور ضوابط کا مکمل نفاذ یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی شہریوں کی جان و مال اور سلامتی یقینی بنانا حکومت کا بنیادی فریضہ ہے اس حوالے سے حکومت غفلت ترک کرے اور اپنے فرائض کا احساس کرے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں