پا ک بھارت کا ورکنگ باؤنڈری پر فائر بندی، سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مربوط بارڈر کنٹرول پر اتفاق

ہفتہ 12 ستمبر 2015 16:06

نئی دہلی/اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) پاکستان رینجرزاور بھارتی بارڈرسیکیورٹی فورسزمیں ورکنگ باؤنڈری پر فائر بندی، سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات اور اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے مربوط بارڈر کنٹرول پر اتفاق کرلیا گیا،پاکستانی وفد نے فلیگ میٹنگ میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا، جس پر بھارتی سیکیورٹی فورسز کے ڈی جی نے یقین دہانی کروائی کہ آئندہ ایسے واقعات نہیں ہوں گے،مذاکرات میں مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے باعث بھارت کی طرف سے کوئی دفاعی سٹرکچر تعمیر نہ کرنے پر بھی اتفاق کرلیا گیا، دفاعی تجزیہ کاروں اور سینئرصحافیوں نے ان مذاکرات کو پاکستان کی بھرپور کامیابی قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی وفد نے مذاکرات میں بھرپور انداز میں موقف پیش کیا اور اپنے بیشتر جائز مطالبات منوانے میں کامیاب رہے۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو ترجمان پاکستان رینجرز کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والے پاکستان رینجرز اور بی ایس ایف حکام کے درمیان مذاکرات اور ملاقات انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئے، دونوں ممالک نے سرحدی فورسز کے درمیان مختلف امور پر اتفاق رائے کرلیا، ترجمان کے مطابق بات چیت میں ورکنگ باؤنڈری پر فائر بندی پر اتفاق کیا گیا،قیام امن کیلئے سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات پر بھی اتفاق کیا گیا،بات چیت میں معمولی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔

بھارت نے فائر بندی کی خلاف ورزی نہ کرنے پر اتفاق کیا ہے، پاکستان نے فلیگ میٹنگ میں رینجرز اہلکاروں کی شہادت کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھایا۔ جس پر ڈی جی بی ایس ایف نے کہاکہ ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا ہو گا،آئندہ ایسے واقعات نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی جبکہ مستقبل میں ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزی کی مشترکہ تحقیقات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے واضح کیا کہ غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی حمایت نہیں کرتے، سمگلنگ کی روک تھام کیلئے رینجرز اور بی ایس ایف نے مربوط بارڈر کنٹرول پر اتفاق کیا، بی ایس ایف سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف رینجرز کو معلومات فراہم کرے گی،مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت کے باعث بھارت کوئی دفاعی سٹرکچر تعمیر نہیں کر سکتا،بی ایس ایف نے دفاعی سٹرکچر تعمیر نہ کرنے کا معاملہ بھارتی حکومت کو بھجوانے پر اتفاق کیا ہے۔ دوسری طرف دفاعی تجزیہ کاروں اور سینئرصحافیوں نے ان مذاکرات کو پاکستان کی بھرپور کامیابی قرار دیا اور کہا کہ پاکستانی وفد نے مذاکرات میں بھرپور انداز میں موقف پیش کیا اور اپنے بیشتر جائز مطالبات منوانے میں کامیاب رہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں