سٹیٹ بینک نے اگلے دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا

ہفتہ 12 ستمبر 2015 16:06

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء ) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگلے دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا ، مانیٹری پالیسی میں شرح سود 0.5 فیصد کم کردی گئی ، بنیادی شرح سود کو 6.5 فیصد سے کم کرکے 6 فیصد کردیا گیا ، بجلی پر سبسڈی پر خاتمہ سے مہنگائی بڑھنے کا خطرہ موجود ہے ، زر مبادلہ ذخائر میں مزید بہتری کی امید ہے ، برآمدات اور سرمایہ کاری میں بھی اضافہ کرنا معیشت کیلئے انتہائی ضروری ہے ، مہنگائی میں گزشتہ کئی ماہ سے کمی کا رحجان ہے ، توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ میں مہنگائی مزید کم ہوگی ، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا ، اگست 2015ء میں مہنگائی کی شرح 3.6 فیصد رہی جو گزشتہ سال 8.4 فیصد تھی ۔

ہفتہ کو سٹیٹ بینک آف پاکستان نے اگلے دو ماہ کیلئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا ۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کی طرف سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ سٹیٹ بینک بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پالیسی ریٹ 0.5 فیصد کم کردیا ہے ، پالیسی ریٹ 6.5 سے کم کرکے 6 فیصد کردیا گیا ہے ، توانائی اور سرمایہ کاری میں اضافے سے پالیسی ریٹ کم کرنے میں مدد ملی ، مہنگائی کا اعشاریہ کم ہوکر 1.7 فیصد پر آگیا ہے ، مہنگائی میں گزشتہ کئی ماہ سے کمی کا رحجان ہے ، اگست 2015ء میں مہنگائی کی شرح 3.6 فیصد رہی جبکہ اگست 2014ء میں مہنگائی میں اضافے کی شرح 8.4 فیصد تھی ، توقع ہے کہ آئندہ چند ماہ میں مہنگائی مزید کم ہوگی ، توقع ہے کہ آئندہ برس مہنگائی کی شرح ہدف سے بھی کم رہے گی ۔

سٹیٹ بینک کے بیان میں کہا گیا کہ ترسیلات زر اور ادائیگیوں کے توازن سے حسابات میں بہتری آئی ، زر مبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافے کا رحجان برقرار رہے گا، امن وامان کی صورتحال میں بہتری سے سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا ، جی ایس پی پلس کی بدولت پاکستانی برآمدات کو مزید تقویت ملے گی ، بڑی صنعتوں کی پیداوار میں 3.3 فیصد اضافہ ہوا ہے ، توانائی کی فراہمی کے باعث صنعتی پیداوار مزید بڑھنے کی توقع ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں