نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کیلئے جرمنی سمیت دیگر ممالک کے تعاون پرمشکور ہیں ، بحالی کی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کیلئے خصوصی سیل قائم کیا گیا، ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کیلئے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرزکا مسئلہ حل کیاجائیگا

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی جرمن سفیر سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 12 ستمبر 2015 21:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والوں کی بحالی کیلئے جرمنی سمیت دیگر ممالک کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بحالی کی سرگرمیوں کو مربوط بنانے کیلئے خصوصی سیل قائم کیا گیا،وزیرخزانہ نے ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کیلئے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کو معاملے کے حل کی یقین دہانی کرائی۔

ہفتہ کو سینیٹر اسحاق ڈار سے پاکستان میں جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئندہ ہفتے جرمنی کے اقتصادی تعاون کی وزارت کے پارلیمانی سیکرٹری کے دورہ پاکستان پربھی گفتگو کی۔ وزیر خزانہ نے جرمن سفیر کو آپریشن ضرب عضب کے باعث نقل مکانی کرنے والے افراد کی بحالی کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحالی کی کارروائیوں میں امدادی اداروں کے تعاون کو سراہتے ہیں، بحالی کی سر گرمیوں کو مربوط بنانے کیلئے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔

قبل ازیں وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث ہیلتھ رسک الاؤنس کی بحالی کے سلسلے میں بنائی جانے والی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی۔وزیرخزانہ نے ہیلتھ رسک الاؤنس کے حوالے سے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کو غور سے سنا اور انہیں یقین دہانی کروائی کہ ہیلتھ رسک الاؤنس بحال کرنے پر ہمدردانہ جائزہ لیا جائے گا، معاملے کے حل کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی، ہیلتھ رسک الاؤنس بحال کرنے سے مالی بوجھ پڑنے کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے، وزارت خزانہ اور وزارت کیڈ کی مشاورت کے بعد اس سلسلے میں ہیلتھ رسک الاؤنس کا حتمی اعلان کیا جائے گا

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں