محمد حفیظ نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ایکشن میں تبدیلی لائے بغیر باؤلنگ کر نے کی رپورٹس مسترد کر دیں

میرے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے کیلئے نوماہ سے نیشنل اکیڈمی میں کوچز مدد کررہے ہیں محمد حفیظ کا ٹوئٹ حفیظ کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی گئی ہے ایکشن پر شک ہوا تو امپائر پورٹ کرسکتے ہیں انتخاب عالم

اتوار 13 ستمبر 2015 12:14

محمد حفیظ نے قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں ایکشن میں تبدیلی لائے بغیر باؤلنگ کر نے کی رپورٹس مسترد کر دیں

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13ستمبر۔2015ء)پاکستانی آل رآنڈر محمد حفیظ نے ان رپورٹس کو مسترد کردیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں اپنے ایکشن میں تبدیلی لائے بغیر باؤلنگ کررہے ہیں۔محمد حفیظ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ وہ اپنے باؤلنگ ایکشن کو بہتر بنانے کا کام گزشتہ نو ماہ سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کوچز کی مدد سے کررہے ہیں۔

اس سے پہلے ویب سائٹ کرک انفو نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ 34 سالہ پاکستانی آل راؤنڈر اپنے ایکشن کو درست کرنے پر کام نہیں کررہے جسے جولائی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے غیر قانونی قرار دیا۔محمد حفیظ جنھوں نے 44 ٹیسٹ، 166 ون ڈے اور 64 ٹی ٹوئنٹی میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے کے باؤلنگ ایکشن کی رپورٹ نومبر 2014 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظبہی میں پہلے ٹیسٹ کے دوران ہوئی تھی اور آزاد تجزیے کے بعد انہیں باؤلنگ کرنے سے روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

تجزیے کے مطابق محمد حفیظ کی کہنی کا خم باؤلنگ کے دوران 15 ڈگری سے زیادہ ہوتا ہے۔انہیں اپریل میں باؤلنگ کے لیے کلیئر قرار دیا گیا مگر پارٹ ٹائم آف اسپنر کے ایکشن کی رپورٹ رواں برس جولائی میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ کے دوران دوبارہ ہوئی۔آئی سی سی نے ایک سال کے لیے بین الاقوامی سطح پر آل راؤنڈر کی باؤلنگ پر پابندی عائد کردی تاہم انہیں ڈومیسٹک میچز میں با?لنگ کرنے کی اجازت دی گئی، تاہم اس کے لیے پی سی بی سے اجات لینا ضروری قرار دیا گیا۔

پی سی بی کا دعویٰ ہے کہ محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کی مانیٹرنگ باریک بینی سے کی جارہی ہے۔پی سی بی ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ انتخاب عالم نے بتایا کہ ایسا نہیں کہ ہم نے حفیظ کے ساتھ رعایت کی ہے، امپائرز کو اگر ان کے باؤلنگ ایکشن پر شک ہوا تو وہ رپورٹ کرسکتے ہیں چونکہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ ٹیلیویژن پر نشر ہورہا ہے اس لیے یہ ہمارے پاس حفیظ کو مانیٹر کرنے کا بہتر موقع ہے اگر وہ اس لیول پر بھی رپورٹ ہوتے ہیں تو مزید تین ماہ کے لیے معطل ہوجائیں گے۔خیال رہے کہ محمد حفیظ بین الاقوامی سطح پر بارہ ماہ کی پابندی کے حوالے سے دوبارہ باؤلنگ تجزیے کی اپیل نہیں کرسکتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں