14ستمبر1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع شدہ خبریں

پاک فوج جیسلمیر میں داخل، نواب شاہ اور ملتان پر بھارتی طیاروں کے بزدلانہ حملے،جنگ میں دشمن کے 185ٹینک تباہ، بھارتی فوجی ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی بمباری، سیالکوٹ اور لاہور کے محاذوں پر دشمن کی کثیر تعداد میں فوج کے زبردست حملے کو پیچھے دھکیل دیا گیا ،بہت سی فوجی گاڑیاں اورجنگی سازو سامان تباہ ،جنگ کو بھول سکتا ہوں لیکن پاکستانیوں کی شجاعت ناقابل فراموش ہے، موت کو کھیل سمجھنے والی پاکستانی قوم کو شکست نہیں دی جاسکتی،امریکی نامہ نگار

اتوار 13 ستمبر 2015 13:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر۔2015ء) 14ستمبر1965ء کے دن قومی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں کے مطابق پاک فوج کھیم کرن سے آگے کئی اورچوکیوں پرقبضہ کرنے کے بعدجیسلمیر میں داخل ہوگئی، نواب شاہ اور ملتان پر بھارتی طیاروں نے بزدلانہ حملے کئے ، اب تک دشمن کے 185ٹینک تباہ ہوچکے ہیں، بھارتی فوجی ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی بمباری سے بھارتی افواج کو بڑے پیمانے پر نقصان برداشت کرنا پڑا۔

14ستمبر1965ء کو شائع شدہ خبروں کے مطابق پاکستان کی شیردل بری فوج نے فضائیہ کے بہادر ہوا بازوں کی مدد سے سیالکوٹ اور لاہور کے محاذوں پر دشمن کی کثیر تعداد میں فوج کے زبردست حملے کو نہ صرف پسپا کیا بلکہ اسے بہت پیچھے دھکیل دیا، بزدل بھارت نے جتنے بڑے پیمانے پرسیالکوٹ سیکٹر پرحملہ کیا اس سے پہلے اتنا بڑا حملہ کبھی نہیں کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دشمن نے اس محاذ پر بکتربند اور پیدل فوج پر مشتمل نصف لاکھ فوج جنگ میں جھونک دی ، ٹینکوں کی گھمسان کی جنگ شروع ہوئی اور تھوڑی ہی دیر بعد ہماری شیر دل فوج نے جھپٹ جھپٹ کر بزدل بھارتی فوج پرحملے کرکے اس کا منہ پھیر دیا اور اس کے 45مزید ٹینک، بہت سی فوجی گاڑیاں اورجنگی سازو سامان تباہ کرکے رکھ دیا۔

اس دن کی خبروں کے مطابق سیالکوٹ اور لاہور کے محاذوں پر دشمن کی صفیں الٹ دی گئیں۔لاہور کے علاقے میں ہماری شیر دل فوج کے حملے کی تاب نہ لا کر بھارت کی بزدل فوج اسلحہ اور دیگر جنگی سازو سامان چھوڑ کربھاگ کھڑی ہوئی جس پر پاک فوج نے قبضہ کرلیا ہے۔اس دن پٹھان کوٹ کے ہیرو سجاد حیدر کا انٹرویو بھی اخبارات کی زینت بناجس میں سجاد حیدرنے کہا کہ ہم بزدل نہیں بلکہ دشمن کو للکار کر حملہ کرتے ہیں اورپٹھان کوٹ پر رات کی تاریکی میں نہیں بلکہ دن کے اجالے میں حملہ کیا گیا۔

اس دن کی خبروں کے مطابق پاکستان سے جنگ میں دشمن کے بے شمار ٹینک، لڑاکا طیارے اورجنگی سامان تباہ ہوگیا اورشیردل پاک فوج کے جوانوں کے ہاتھوں عبرت ناک شکست سے پورے بھارت میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی۔ اس دن کے اخبارات میں سیالکوٹ جموں محاذ پر جنگ کی صورتحال کی تصاویر بھی شائع کی گئیں جو بھارتی جارحیت اور پاک فوج کے شیردل جوانوں کے منہ توڑ جواب کی عکاسی کررہی تھیں اور ان میں بھارتی تباہ شدہ ٹینک واضح دیکھے جاسکتے تھے۔

اخبارات میں شائع ہونے والے اداریوں میں پاک فوج کے شیر دل جوانوں کی بہادری کے کارناموں کو زبردست انداز میں سراہا گیا۔ سیالکوٹ میں محاذ جنگ کا دورہ کرنے والے امریکی نامہ نگار نے اپنے تاثرات میں کہا کہ میں جنگ کو بھول سکتا ہوں لیکن پاکستانیوں کی شجاعت ناقابل فراموش ہے اورموت کو کھیل سمجھنے والی پاکستانی قوم کو شکست نہیں دی جاسکتی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں