برطانیہ میں سنوکر کھیلنے کیلئے حکومتی وعدوں کے باوجود تاحال کسی قسم کی امدادی رقم فراہم نہیں کی گئی ، حمزہ اکبر

پیر 14 ستمبر 2015 13:04

برطانیہ میں سنوکر کھیلنے کیلئے حکومتی وعدوں کے باوجود تاحال کسی قسم کی امدادی رقم فراہم نہیں کی گئی ، حمزہ اکبر

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) سنوکر کے ایشیئن چیمپئن حمزہ اکبر نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سنوکر میں حصہ کے لئے انہیں حکومتی وعدوں کے باوجود تاحال کسی قسم کی امدادی رقم فراہم نہیں کی گئی ہے جبکہ انہوں نے برطانیہ کا ویزا بھی ذاتی پیسوں سے حاصل کیا ہے۔ آن لائن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں 2 سال تک پروفیشنل سنوکر کھیلنے کے معاہدے میں توسیع ہو سکتی ہے جبکہ اس سلسلے میں انہوں نے برطانوی ویزا حاصل کر لیا ہے مگر وہ شینگن ویزا کے لئے پاکستان سے اپلائی نہیں کریں گے کیونکہ 20 یا 21 کو انہوں نے برطانیہ روانہ ہونا ہے اور اس کے لئے وقت بہت کم ہے اس لئے وہ برطانیہ جا کر شینگن ویزا کے لئے اپلائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیئن چیمپئن شپ جیتنے کے بعد ان کو پروفیشنل سنوکر کی طرف سے دعوت نامہ ملا اس میں شرکت کے لئے 30 سے 35 لاکھ روپے کی ضرورت ہے جس کے لئے وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری اعجاز چوہدری نے وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ کے سامنے وعدہ کیا تھا کہ جب آپ کو برطانیہ کا ویزا مل جائے گا تو آپ کو رقم جاری کر دیں گے تاہم ابھی تک ان کی طرف سے کوئی بھی چیک جاری نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

حمزہ اکبر نے کہا کہ انہوں نے سیکرٹری اعجاز چوہدری سے خود ملاقات کرنے کی کوشش کی مگر ان سے ملاقات نہ ہو سکی اور اسی طرح فون پر بھی رابطہ کر رہا ہوں مگر ابھی تک ان کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں انہوں نے ڈی جی پاکستان سپورٹس بورڈ ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی تاہم ان سے فوج پر بات نہ ہو سکی اور انہوں نے اس حوالے سے ان کے لئے موبائل پر پیغام چھوڑا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ 20 یا 21 ستمبر کو برطانیہ کے لئے روانہ ہو جائیں گے حکومتی رقم نہ ملنے کے باوجود کیونکہ ان کے لئے وہاں پہنچنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں برطانیہ جا کر وہاں سے وزارت اور متعلقہ اداروں کو خط لکھیں گے کہ وہ ان کو امدادی رقم جاری کریں۔ حمزہ اکبر نے کہا کہ ابھی تک جو اخراجات آئے ہیں وہ خود سے کر رہے ہیں جبکہ باقی معاملات میں صدر پاکستان بلیئرڈ اینڈ سنوکر فیڈریشن ان کی بھرپور سپورٹ کر رہے ہیں اور وہ عمر ایسوسی ایٹ اور ملک ریاض سے بھی رابطہ کر رہے ہیں جنہوں نے مالی سپورٹ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں