ترقیاتی عمل کی بروقت معیاری تکمیل کویقینی بنایاجائے،ترقیاتی عمل میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیاجائے؛ وزیر اعظم آزا دکشمیر چوہدری عبدالمجید کی ترقیاتی محکموں کے سربراہان کوہدایت

پیر 14 ستمبر 2015 18:22

میرپور /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) وزیر اعظم آزا دجموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے ترقیاتی محکموں کے سربراہان کوہدایت کی کہ ترقیاتی عمل کی بروقت اور معیاری تکمیل کویقینی بنایاجائے۔ ترقیاتی منصوبہ جات کی مانیٹرنگ کوموثربنایاجائے۔ترقیاتی عمل میں کوالٹی پر کوئی کمپرومائز نہ کیاجائے ۔ انجینئر صاحبان موقع پرجاکرمنصوبہ جات کی پڑتال کویقینی بنائیں۔

سرکاری ملازمین قانون وقاعدے کی پاسداری کریں اور دفتری ڈسپلن پرسوفیصد عمل کریں۔قواعد وضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹاجائے گا۔افسران دفاترمیں آنے والے سائلین سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں اور لوگوں کی جائز مشکلات دورکریں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت خدمت خلق کی فلاح وبہبود کے ایجنڈے کی تکمیل کررہی ہے ۔

(جاری ہے)

خدمت خلق کی راہ میں ہررکاوٹ کو دور کریں گے۔ وزیراعظم یہاں نیوسٹی ریسٹ ہاؤس میں ڈویژنل وضلعی محکمہ جات کے سربراہان سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پروزیراعظم کے صاحبزادے چوہدری قاسم مجید،وزیراعظم کے میڈیاایڈوائزر چوہدری یاسرممتاز، ڈپٹی کمشنرچوہدری امجداقبال، ایس پی چوہدری منشی خان ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرجنرل چوہدری حق نواز،چیف انجینئر برقیات راجہ اعجاز خان،مولانامفتی وسیم رضا، چیف انجینئر پی ایم یوشجاع جلیل، ایس ای شاہرات طفیل گورسی، ایس ای برقیات کوٹلی چوہدری محمدافضل، ڈویژنل ڈائریکٹر کالجز محترمہ پروفیسرانجم افشاں نقوی، ڈپٹی ڈائریکٹر پی ایم یو راجہ فرید خان،ایکسین برقیات چکسواری خالد صدیق، ایکسین شاہرات محمود ممتاز راٹھور، ایس ڈی او چوہدری وقارعلی، اے ڈی لوکل گورنمنٹ راجہ طاہر خالق، ایکسین پبلک ہیلتھ انجینئرنگ عبدالقیوم مغل، ایکسین برقیات مبشرسرفراز ، کنٹرولر ضلعی ایلیمنٹری بورڈ چوہدری محمدتاسب ،ایڈمنسٹریٹر چکسواری حاجی خالد حسین ، ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر خواجہ ظفرلون ، وزیراعظم کے سٹاف آفیسر چوہدری محمود علی کے علاوہ محکمہ ہیلتھ، محکمہ تعلیم سمیت دیگرمحکموں کے افسران بھی موجود تھے۔

محکمہ جات کے سربراہان نے وزیراعظم کواپنے اپنے محکموں کے متعلقہ ترقیاتی منصوبہ جات کے بارے میں بریفنگ دی اور پراگرس رپورٹ پیش کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ دھان گلی ڈڈیال جڑی کس روڈ کوبہتروکشادہ کیاجائے گا۔ یہ سڑک ضلع میرپورکی معاشی شاہراہ ہوگی۔ انھوں نے محکمہ شاہرات کے افسران کوہدایت کی کہ وہ ڈویژن بھرمیں جن سڑکات پرکام جاری ہے انھیں مقررہ مدت کے اندر مکمل کروائیں۔

محکمہ برقیات لوگوں کوبجلی کی بہترترسیل اور فورس لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لیے اقدامات اٹھائے ۔ محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ لوگوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کے سلسلہ میں شکایات کاازالہ کرے اورمیرپور،اسلام گڑھ، چکسواری اور ڈڈیال میں پینے کے پانی کی وافرمقدارمیں فراہمی کویقینی بنائے۔ وزیراعظم نے سکولوں اور کالجوں کے افسران کوہدایات دیں کہ وہ تعلیمی نظام میں بہتری لائیں اور امتحانی نتائج کومذید ٹھیک کریں جبکہ سکولوں اورکالجوں میں اوقات کاراور ڈسپلن کی پابندی کروائیں اور نئی نسل کونظریہ الحاق پاکستان اور تحریک آزادی کشمیر کے متعلق روشناس کریں۔

بعدازاں وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید سے نیوسٹی ریسٹ ہاؤس میں درجنوں وفود نے ملاقاتیں کیں اور انھیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پرپیپلزپارٹی کے مرکزی راہنماچوہدری ندیم روپیال، پیپلزپارٹی شعبہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل نبیلہ ایوب، چوہدری حبیب اللہ، چوہدری جمشید، راجہ رحمت ، افراز محمودراجہ، چوہدری ممتاز، راجہ شفیق، یوسف ثانی، چوہدری نذیر، چوہدری محمدحسین، چوہدری ریاست، بابوبشارت ، خواجہ کرامت کے علاوہ لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پربے جاالزام تراشیوں سے تعمیروترقی کاراستہ روکانہیں جاسکتا۔ انھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے ساڑھے چارسالوں میں سابقہ بجٹ کے اندررہتے ہوئے آزادکشمیرمیں میگاپراجیکٹس لگائے اور ان کی تکمیل کی جس کے باعث لوگوں کوبراہ راست فائدہ مل رہاہے ۔ انھوں نے کہاکہ موجودہ حکومت کے چارسال سابقہ حکومتوں پربھاری ہیں۔

ہم نے عوامی فلاح وبہبود کے لیے جوبلاتخصیص تعمیروترقی کا سفرجاری رکھاہواہے وہ ہماری حکومت کی کارکردگی کامنہ بولتاثبوت ہے ۔ ہماری حکومت پیپلزپارٹی لیڈرشپ کے ویژن کو عملی جامع پہنارہی ہے۔ میگاپراجیکٹس کے ذریعے عوام کو جدید سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے جوترقیاتی کام کیے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔

تاریخ کو کوئی مسخ نہیں کرسکتا۔ بعض لوگوں کو حکومتی تعمیروترقی ہضم نہیں ہورہی ۔حکومت پرالزامات کو انھوں نے اپناپیشہ بنالیاہے۔ حکومت منفی عناصرکے الزامات کوعوامی خوشحالی کے ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ دریں اثناء وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاکہ پاکستان اورآزادکشمیرلازم وملزوم ہیں ۔ پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے۔

بھارتی حکمران کشمیریوں کومنزل سے دورنہیں رکھ سکتے۔ سرینگرمیں کشمیرمیراتھن ریلی جیوے پاکستان ریلی میں تبدیل ہوگئی شرکاء ریلی نے پاکستا ن زندہ باد کے نعرے لگائے اوربھارتی شیلنگ کے باوجودجگہ جگہ پاکستانی پرچم لہرادیئے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری عوام اپنی منزل کے حصول کے لیے لہوکانظرانہ دے رہے ہیں۔ شہداء کا لہورنگ لاکررہے گا۔

دنیاکی کوئی طاقت کشمیری عوام کومنزل سے دورنہیں رکھ سکتی۔ وزیراعظم نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں گاؤکشی پر پابندی کے بعد بھارتی حکمرانوں نے مقبوضہ کشمیرمیں کشمیریوں کاقتل عام شروع کررکھاہے اور LOC پرجارحانہ اقدامات کے ذریعے بھارت نے برصغیرکاامن یرغمال بنارکھاہے۔ امن پسند دنیابھارت کوجارحانہ اقدامات سے باز رکھے۔ وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ 16 ستمبرکوگاؤکشی پابندی ،کشمیری مسلمانوں کے مذہبی جذبات اورانسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کے خلاف آزادکشمیرمیں احتجاجی ریلیاں منعقد کی جارہی ہیں۔ احتجاجی ریلیوں کے ذریعے بھارتی حکمرانوں کااصل روپ امن پسند دنیاکو دکھادیں گے۔ بھارت عالمی دہشت گرد ہے اسے ساری دنیامیں ایکسپوز کریں گے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں