حکومت ملک میں کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کرے گی،حکومت گڈ گورننس ‘ شفافیت اور ملک میں کرپشن کے خاتمہ پر یقین رکھتی ہے، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا یو ایس ایف ٹیلی نار اور یو فون معاہدے کی دستخط کی تقریب سے خطاب

پیر 14 ستمبر 2015 18:35

اسلام آباد ۔ 14 ستمبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گڈ گورننس ‘ شفافیت اور ملک میں کرپشن کے خاتمہ پر یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یو ایس ایف ٹیلی نار اور یو فون معاہدے کی دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ کمپنیاں شانگلہ ‘ ژوب اور سبی کے دوردراز مقیم لوگوں کو ٹیلی فون اور ڈیٹا سروسز کی سہولیات فراہم کریں گی ۔ معاہدے پر ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیلی نار عرفان وہاب خان اور سی ای او یو فون عبدالعزیز نے دستخط کئے۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 10 ارب روپے کے اس منصوبے سے ان علاقوں کے 380 دیہات میں مقیم 17لاکھ لوگوں کو سروسز فراہم کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت کے دور دراز آبادی میں مالیاتی اور ٹیکنالوجی سہولیات کی فراہمی کا ٹاسک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خدمات خطے کے دوسرے ملکوں کے ساتھ مسابقت کے لئے تیار ہے اور ہماری لیبر بھی ان ملکوں کی طرح سستی ہے جبکہ چین میں پاکستان کی نسبتاً لیبر 5 گناہ زیادہ مہنگی ہے انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان آئیں اور یہاں توانائی سمیت مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کریں ۔

کیونکہ پاکستان میں دیگر ملکوں کی نسبت سرمایہ کاری کے لئے ساز گار حالات ہیں انہوں نے کہا کہ دو سال قبل پاکستانی معیشت انہدام کے قریب پہنچ گئی تھی لیکن ہماری حکومت موثر اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملک کا شمار دنیا کے 22 بہترین معیشتوں میں شمار ہونے لگی اور ملکی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے اور اب غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 18.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور رواں سال کے آخر تک 21 ارب ڈالر ہوجائیں گے۔

اس موقع پر وزیر مملکت انوشہ رحمان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں یونیورسل سروس فنڈ کا موثر استعمال نہیں کیا گیا لیکن اب موجودہ حکومت نے اس فنڈ کو ملک کے پسماندہ علاقوں میں ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکالوجی کو فروغ دینے کی غرض سے بروئے کار لانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے دو سالوں میں کوریا کے تعاون سے اسلام آباد میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں