پاکستان نے عالمی اقتصادی رن وے پر بھاگنا شروع کر دیا ، جلد اڑان بھریں گے،اسحاق ڈار

عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتے ہیں،جو بھی کرپشن میں ملوث ہے ، اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی یو ایس ایف ٹیلی نار اور یو فون معاہدے کی دستخط کی تقریب سے خطاب یہ کمپنیاں شانگلہ ‘ ژوب اور سبی کے دوردراز مقیم لوگوں کو ٹیلی فون اور ڈیٹا سروسز کی سہولیات فراہم کریں گی

پیر 14 ستمبر 2015 19:07

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ملکی اقتصادی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے۔ پاکستان نے عالمی اقتصادی رن وے پر بھاگنا شروع کر دیا ، جلد اڑان بھریں گے، عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتے ہیں،ہماری حکومت کرپشن کسی صورت برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے جو بھی شخص کرپشن میں ملوث ہے ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

وہ پیر کویہاں یو ایس ایف ٹیلی نار اور یو فون معاہدے کی دستخط کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ یہ کمپنیاں شانگلہ ‘ ژوب اور سبی کے دوردراز مقیم لوگوں کو ٹیلی فون اور ڈیٹا سروسز کی سہولیات فراہم کریں گی ۔ معاہدے پر ڈپٹی چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹیلی نار عرفان وہاب خان اور سی ای او یو فون عبدالعزیز نے دستخط کئے۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت شفافیت پر یقین رکھتی ہے ، گذشتہ دو سال میں معیشت کے استحکام کیلئے کام کیا گیا ،اب اقتصادی صورتحال اس قدر بہتر ہوئی ہے کہ عالمی ادارے پاکستانی معیشت کی بہتری کی گواہی دے رہے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے حکومت نے خطیر رقم مختص کی اور یونیورسل سروس فنڈ کے منصوبوں کے دور دراز علاقوں کے رہائشیوں کو آئی ٹی کی سہولیات میسر آ سکیں گی ۔اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے کو ہدایت کر دی ہے کہ رواں برس فور جی اور تھری جی کے بقیہ لائسنسوں کی نیلامی کے لئے اقدامات کریں ۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں اقتصادی راہداری سمیت انفراسٹرکچر کی بہرتی کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔

لاہور کراچی موٹروے پبلک پراؤیٹ پارٹنرشپ کے ذریعے تعمیر کی جا رہی ہے۔ موجودہ حکومت میں شفافیت ہی مقدم ہے اور کرپشن کیلئے کوئی گنجائش نہیں ہے۔اسحاق ڈار نے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری پر بہترین فوائد حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ رواں برس کے آخر تک زرمبادلہ کے ذخائر 21 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف پورا کریں گے۔

انہوں نے تمام جماعتوں کو میثاق معیشت کرنے کی دعوت دی تاکہ ملک میں جس بھی جماعت کی حکومت ہو وہ معیشت کے ساتھ کوئی چھیڑ چھاڑ نہ کر سکے۔ہماری حکومت کرپشن کسی صورت برداشت نہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے جو بھی شخص کرپشن میں ملوث ہے ، ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کو موٹروے کے ساتھ منسلک کرنا چاہتے ہیں ، پاکستان میں ٹیلی کام اور آئی ٹی سیکٹر میں ایکسپورٹ بڑھانے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اگلے ماہ تک دو مزید ٹیلی کام پروجیکٹس پر دستخط کیے جائیں گے ۔ وزیر مملکت برائے آئی ٹی انوشہ رحمان نے کہا کہ رورل ایریاز میں ٹیلی کام سروس پہنچانے کے لیے حکومت بھرپور کوشش کر رہی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گڈ گورننس ‘ شفافیت اور ملک میں کرپشن کے خاتمہ پر یقین رکھتی ہے۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ 10 ارب روپے کے اس منصوبے سے ان علاقوں کے 380 دیہات میں مقیم 17لاکھ لوگوں کو سروسز فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ حکومت کے دور دراز آبادی میں مالیاتی اور ٹیکنالوجی سہولیات کی فراہمی کا ٹاسک ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خدمات خطے کے دوسرے ملکوں کے ساتھ مسابقت کے لئے تیار ہے اور ہماری لیبر بھی ان ملکوں کی طرح سستی ہے جبکہ چین میں پاکستان کی نسبتاً لیبر 5 گنا زیادہ مہنگی ہے انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان آئیں اور یہاں توانائی سمیت مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کریں ۔

کیونکہ پاکستان میں دیگر ملکوں کی نسبت سرمایہ کاری کے لئے ساز گار حالات ہیں انہوں نے کہا کہ دو سال قبل پاکستانی معیشت انہدام کے قریب پہنچ گئی تھی لیکن ہماری حکومت موثر اقتصادی پالیسیوں کے باعث ملک کا شمار دنیا کے 22 بہترین معیشتوں میں شمار ہونے لگی اور ملکی معیشت تیزی سے مستحکم ہو رہی ہے اور اب غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 18.5 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں اور رواں سال کے آخر تک 21 ارب ڈالر ہوجائیں گے۔

اس موقع پر وزیر مملکت انوشہ رحمان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابقہ حکومتوں میں یونیورسل سروس فنڈ کا موثر استعمال نہیں کیا گیا لیکن اب موجودہ حکومت نے اس فنڈ کو ملک کے پسماندہ علاقوں میں ٹیلی کام اور انفارمیشن ٹیکالوجی کو فروغ دینے کی غرض سے بروئے کار لانے کا تہیہ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے دو سالوں میں کوریا کے تعاون سے اسلام آباد میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک قائم کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں