پیمراکی ٹی وی چینلز کو قابلِ اعتراض اشتہارات روکنے کی ہدایت

پیر 14 ستمبر 2015 20:43

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء ) پیمرا نے پاکستانی ٹی وی چینلز پر مانع حمل کے ایک قابلِ اعتراض اور نامناسب ،بیہودہ اشتہار کی نشریات کے خلاف سینکڑوں عوامی شکایات پر تمام نجی ٹی وی چینلز، ایف ایم ریڈیوز اور پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے ) کو مراسلہ جاری کردیا جس میں مذکورہ اشتہار پر فوری نظر ثانی کر کے اس کو روکنے کی ہدایت کی ہے ۔

یاد رہے کہ پیمرا نے جولائی 2013؁ء میں بھی اسی اشتہار پر بڑی تعداد میں عوامی شکایات کے پیشِ نظر جن میں یہ اشتہار زیادہ تر قابلِ اعتراض اور بیہودہ قرار دیا گیا تھا، پر پابندی لگائی تھی ۔پیمرا نے اپنے ہدایت نامہ میں واضح کیا ہے کہ اشتہارکی منظر کشی ہماری سماجی، ثقافتی اور مذہبی اقدار کے سراسر منافی ہے۔

(جاری ہے)

پیمرا نے مزید بتایا کہ عوامی شکایات کے قطع نظر اشتہار کا مواد پیمرا ایکٹ 2007کی سیکشن20(b), (c) & (f) ، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 37(g) اور الیکٹرانک میڈیا ضابطۂ اخلاق2015کی شق 14(1)(3)(d)کے بھی منافی ہے جس کے تحت کوئی پروگرام /اشتہار جوکہ اخلاقیات کے عام معیار کے منافی ہو ، نشر نہیں کیا جا سکتا ہے۔

پیمرا نے پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے )، پاکستان ایڈورٹائزرز ایسوسی ایشن (پی اے ایس)اور تمام نشریاتی لائسنس یافتگان کو اشتہارکی مناسب نظر ثانی اور اقدار کے مطابق ہونے تک نشر نہ کرنے کو یقینی بنانے کا کہا ہے تاکہ عوامی جذبات کو ٹھیس نہ پہنچے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں