پاکستان جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ٹیکس وصولیاں کرنے والا ملک ہے ‘ صوبائی حکومتیں محصولات میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں،پسماندہ علاقوں میں جدید مواصلاتی سہولیات اور آئی ٹی کی فراہمی حکو مت کی اولین ترجیح ہے

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا صوبائی وزرا ء و سیکرٹریز خزانہ کے اجلاس اور یونیورسل سروس فنڈ و موبائل فون کمپنیوں مابین معاہدے پر دستخطوں کی تقریب سے خطاب

پیر 14 ستمبر 2015 21:58

پاکستان جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ٹیکس وصولیاں کرنے والا ملک ہے ‘ صوبائی حکومتیں محصولات میں اضافے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں،پسماندہ علاقوں میں جدید مواصلاتی سہولیات اور آئی ٹی کی فراہمی حکو مت کی اولین ترجیح ہے

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 14 ستمبر۔2015ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں جی ڈی پی کے مقابلے میں سب سے کم ٹیکس وصولیاں کرنے والا ملک ہے ‘ صوبائی حکومتوں کو چاہیے کہ ریونیو میں اضافہ کیلئے ٹھوس اقدامات کریں۔ پسماندہ علاقوں میں جدید مواصلاتی سہولیات اور آئی ٹی کی فراہمی موجودہ حکو مت کی پہلی ترجیح ہے۔

وہ پیر کو یہاں یونیورسل سروس فنڈ اور ٹیلی نار و یوفون کے درمیان 8.76 ارب روپے کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب اور صوبائی وزرائے خزانہ و سیکرٹریز خزانہ کے ساتھ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ 9 ویں قومی مالیاتی ایوارڈ پر مشاورت کا عمل شروع کرنے کے لئے حکومت پنجاب اپنا غیر سرکاری ممبر مقرر کرے اس کے علاوہ ہر تین ماہ اور صوبائی سیکرٹریز خزانہ کا اجلاس منعقد کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے خطے میں پاکستان جی ڈی پی کے مقابلے میں سب سے کم ٹیکس وصولیاں کرنے والا ملک بن گیا ہے اس حوالے سے صوبوں کو بھی چاہیے کہ اپنی کوششیں تیز کرتے ہوئے ٹیکس ریونیوبڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد دوبارہ حاصل کیا جا سکے۔ قبل ازیں یونیورسل سروس فنڈز اور ٹیلی نار و یو فون کے درمیان پسماندہ علاقوں میں جدید ٹیلی مواصلات کی سہولیات کی فراہمی کیلئے 8 ارب 76 کروڑ روپے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ یہ وزیر اعظم نواز شریف کا ویڑن ہے کہ ملک کے تمام علاقوں کو ایک دوسرے سے جوڑا جائے جو صرف اور صرف جدید مواصلاتی نیٹ ورک اور آئی ٹی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

وزیر اعظم کی یہ بھی خواہش ہے کہ پاکستان کو ترقی کی شاہراہ پر چلانے کیلئے ٹھوس معاشی پالیسی اختیار کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت معاشی ترقی کو دسمبر 2017ء تک توانائی کے شعبے میں طلب و رسد کا فرق ختم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کر رہی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں