پاکستان کا روشن مستقبل جمہوریت کیساتھ وابستہ ہے، پرامن انتقال اقتدار جمہوری استحکام ،آئین کی بالادستی کی عکاسی کرتا ہے،مرتضیٰ جاوید عباسی

منگل 15 ستمبر 2015 14:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) قائم مقام سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان کا روشن مستقبل جمہوریت کیساتھ وابستہ ہے کیونکہ جمہوریت ہی کسی ملک میں قانون کی حکمرانی ، آئین کی بالادستی اور اچھی حکمرانی کی ضامن ہوتی ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ کے زیر اہتمام آج منائے جانے والے عالمی یوم جمہوریت کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

قائم مقام سپیکرنے کہا کہ جمہوریت عوام کے حقوق کی محافظ ہوتی ہے جس کے ذریعے لوگ اپنے سیاسی ،سماجی اور معاشی ترجیحات کاخود تعین کرتے ہیں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری نظام میں عوام اپنی زندگی کے تمام شعبوں کے فیصلہ سازی کے عمل میں اپنے منتخب نمائندوں کے ذریعے فعال طریقے سے شریک ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایک منتخب حکومت ہی عوام کے امنگوں کی ترجمانی اور خواہشات کی عکاسی کرتی ہے۔

پاکستان کے جمہوری سفر کو اجاگر کرتے ہوئے قائم مقام سپیکر نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کی عوام نے آمریت کا مقابلہ بڑی بہادری سے کیا او ران کی لازوال قربانیوں اور جدوجہدکے بعد2008میں جمہو ریت بحال ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ سال 2013میں پاکستان میں پہلی بار ایک جمہوری حکومت سے دوسری جمہوری حکومت میں پرامن انتقال اقتدار ممکن ہواجو پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں نے پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کا عزم کر رکھا ہے اور ہم اس سلسلے میں ایک پر امن ، ترقی یافتہ اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں