نیشنل سٹوڈنٹس فیڈ ریشن کے زیر اہتمام دو روزہ کانفرنس کل سے شروع ہوگی

منگل 15 ستمبر 2015 15:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) نیشنل سٹوڈنٹس فیڈ ریشن پاکستان کے زیر اہتمام دو روزہ آل پاکستان پروگریسو سٹوڈنٹس کانفرنس ، بعنوان ”پاکستان میں انقلابی طلباء تحریک کا احیاء“ کل (بدھ) سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں شروع ہوگی۔ دو روزہ کانفرنس میں پاکستان کے چاروں صوبوں بشمول آزادکشمیر گلگت بلتستان سے پروگریسو طلباء تنظیمیں شرکت کریں گی ۔

پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن ، بلوچ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن( بی ایس او، پجار) جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن ،جئے سندھ سٹوڈنٹس فیڈ ریشن ، پختون سٹو ڈنٹس آرگنائزیشن ( پی ایس او) پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن ( پی ایس ایف )جموں کشمیر پیپلزنیشنل سٹوڈنٹس آرگنائزیشن ہزارہ سٹوڈنٹس فیڈریشن ( بلوچستان )جموں کشمیر سٹوڈنٹس لبریشن فرنٹ، بالاورستان نیشنل سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی قائدین کانفرنس میں شرکت کے لئے اسلام آباد پہنچ گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

کانفرنس کی میز بانی این ایس ایف( پاکستان ) کررہی ہے ۔ این ایس ایف پاکستان کے مرکزی صدر صابر علی حیدر ، پختون سٹو ڈنٹس فیڈ ریشن کے مرکزی چیئر مین امتیاز خان وزیر ، جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی صدر سردار طلحہ ، این ایس ایف پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل عاشق حسین پٹھان ،پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن( خیبر پختون خواہ ) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات مقرب خان ، جے کے این ایس ایف کے امان خان نے صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آل پاکستان پروگریسو سٹوڈنٹس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد طلباء یونینز کی بحالی ، طبقاتی نظام تعلیم کا خاتمہ ،تعلیمی اداروں سے فرقہ وارانہ انتہا پسندی کا خاتمہ ،سیلف فنانس سکیم ، سیلف سپورٹنگ ، تعلیم کش پالیسوں کا خاتمہ ، تعلیمی اداروں سمیت قومی اداروں کی پرائیویٹایزیشن پر فوری پابندی، اور تعلیمی بجٹ میں اضافے کے لئے حکمت عملی اور مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنا ہے ، طالب علم رہنماؤں نے کہا کہ ہم دہشت گردی ، انتہا پسندی ، بنیاد پرستی کے خلاف ہیں ، اور ملک میں جمہوریت کو مضبوط ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بولی جانے والی مادری زبانوں کو تعلیمی نصاب میں شامل کیا جائے ، انہوں نے کہا کہ فاٹا ، بلوچستان آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے طلباء کے لئے حکومت خصوصی تعلیمی پیکیج کا اعلان کرے اور ان علاقوں کے طلباء کو سکالر شب دی جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں