وزیراعظم آزاد کشمیر کی نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت

منگل 15 ستمبر 2015 17:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے نکیال سیکٹر میں بلا اشتعال بھارتی گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ شہری آبادی کو جارحیت کا نشانہ بنانے سے باز رہے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے اقوام متحدہ سے کہا کہ وہ ایل اوسی پر آباد سویلین آبادی کو تحفظ فراہم کرے اور بھارت کو جارحیت سے باز رکھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایل او سی پر آباد شہری آبادی کے حوصلے بلند ہیں بھارتی حکمران جارحانہ اقدامات کے ذریعے ان کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل اور جارحیت کے ذریعے برصغیر کے امن کو مسلسل یرغمال بنا رکھا ہے اور برصغیر میں آباد 2ارب انسانوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا رکھا ہے امن پسند دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ برصغیر میں آباد2ارب انسانوں کے مستقبل کو محفوظ بنائے برصغیر میں امن اور خوشحالی کے لیے کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہاکہ برصغیر میں امن اور خوشحالی مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے امن پسند دنیا کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرائیں ۔وزیراعظم نے بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے مسئلہ کشمیر حل کرنے کے اقدامات نے نیوکلیئرایشیا کے امن کو شدید خطرات سے لاحق کررکھا ہے بھارتی حکمرانوں کا طرز عمل نیوکلیئر ایشیامیں کسی بڑے سانحے کو جنم دے سکتا ہے اور اس خطے کا امن تہس نہس ہوجائے گا۔

وزیراعظم نے کہاکہ آزادی پسند دنیا کشمیری عوام کو بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی دلوائیں اور ریاستی دہشت گردی کے ذریعے بھارت کو کشمیریوں کے قتل عام سے باز رکھے ۔وزیراعظم نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت جو ساری ریاست کی ترجمان حکومت ہے کشمیری شہداء کے لہو کو رائیگاں نہیں جانے دے گی۔ کشمیری شہداء کا مقدس لہو رنگ لا کر رہے گا۔

وزیراعظم آزادکشمیر یہاں کشمیر ہاؤس میں مختلف وفود سے بات چت کررہے تھے اس موقع پروزیر خزانہ ومنصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر، وزیر بحالیات عبدالماجد خان، وزیر امور منگلا محمد حسین سرگالہ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کہاکہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت نے مشنری جذبے سے آزادکشمیر کے عوام کو بلاتخصیص جدید سہولتوں کی فراہمی کے لیے جو میگا پراجیکٹس دیئے وہ سیاسی مخالفین کو ہضم نہیں ہورہے آئندہ الیکشن میں ان کو شکست نظر آرہی ہے وہ حکومت پر منفی الزامات فیشن کے طور پر لگا رہے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ماضی کے ان حکمرانوں نے عوام کا استحصال کیا عوام کو علاقائی ،قبیلائی زنجیروں میں جھکڑے رکھا ۔ہم نے آزادکشمیر کے سیاسی کلچر کو تبدیل کرکے رکھ دیا علاقائی ،قبیلائی سیاست کے بتوں کو توڑ دیا ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ خدمت خلق ہماری سیاست کا محور ومرکز ہے اور یہی ہمارا ایجنڈا ہے پیپلزپارٹی حکومت اس ایجنڈے کی تکمیل کر کے رہے گی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں