جمہوریت کی مضبوطی اور دوام کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے،وزیراعظم

پاکستان میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے،عوام کو بااختیار بنانے کیلئے(ن) لیگ ہمارا رہنماء ہے،مقامی حکومتوں کے قیام سے عام آدمی کو جمہوری انداز میں اپنے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہو گا،ہمارا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے،یوم جمہوریت پر پیغام

منگل 15 ستمبر 2015 18:33

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے،عوام کو بااختیار بنانے کے لیے مسلم لیگ (ن) کا منشور بھی ہمارا رہنما ہے،مقامی حکومتوں کے قیام سے عام آدمی کو جمہوری انداز میں اپنے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہو گا،ہمارا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، جمہوریت کی مضبوطی اور دوام کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

یومِ جمہوریت کے موقع پراپنے ایک پیغام میں وزیراعظم محمدنوازشریف نے کہاکہ 15ستمبرUNOکے تحت یومِ جمہوریت کے طور پر منایا جاتا ہے۔ اس سال UNاس دن کو "Space For Civil Society" کے طور پر منا رہا ہے۔ہماری حکومت نے UNOکے اس منشور کو حقیقی معنوں میں عملی جامہ پہنایا ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ کسی جمہوری حکومت میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ ساتھ مقامی حکومتوں کا قیام عمل میں آ رہا ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو بااختیار بنانے کے لیے مسلم لیگ (ن) کا منشور بھی ہمارا رہنما ہے اور ہماری حکومت اسی منشور کے مطابق عمل کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں جمہوریت مضبوط سے مضبوط تر ہو رہی ہے۔پاکستان میں پہلی مرتبہ عام انتخابات کو عدلیہ کی جانب سے غیرجانبدار انہ قرار دیا گیا ہے جو کہ ہمارے ملک میں ٹھوس جمہوریت کی جانب ایک قدم ہے۔ مقامی حکومتوں کے قیام سے عام آدمی کو جمہوری انداز میں اپنے فیصلے خود کرنے کا حق حاصل ہو گا۔

جمہوری عمل نے دہشت گردی کے خلاف رائے عامہ کو منظم کیا ہے اور اس کے اثرات آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی کی صورت میں نظر آ رہے ہیں ۔ جمہوری نظام عوام کی خواہشات اور امنگوں کا ترجمان ہوتا ہے اور ان کے معاشی اور سماجی مسائل کے حل کے لیے اقدامات کا پابند ہوتا ہے۔ یہ جمہوریت کی برکت ہے کہ آج پاکستان میں سماجی اور معاشی سطح پر بہتری کے عوامل فروغ پذیر ہیں ۔ ہمارا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے اور جمہوریت ہی ہمیں عالمی نظام سے منسلک رکھتی ہے اور اعلیٰ انسانی اقدار اور حقوق کا تحفظ کرنے کا درس دیتی ہے۔ ہم آج یہ عہد کرتے ہیں کہ جمہوریت کی مضبوطی اور دوام کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں