چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا وفاقی وزراء کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار

وفاقی وزراء کی غیر حاضری نا قابل برداشت ، ایوان میں دو سے تین روز کیلئے داخل ہونے پر پابندی عائد کر سکتے ہیں ، چیئرمین سینیٹ چیئرمین سینیٹ کا سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کو نوٹس جاری کرنے کا بھی حکم

منگل 15 ستمبر 2015 22:53

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 ستمبر۔2015ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے وفاقی وزراء کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے رولنگ دی ہے کہ وفاقی وزراء کی غیر حاضری برداشت نہیں کرونگا ۔ ایوان میں دو سے تین روز کیلئے داخل ہونے پر پابندی عائد کر سکتے ہیں جبکہ چیئرمین سینیٹ نے سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ کو نوٹس جاری کرنے کا بھی حکم دیا ۔

منگل کو سینیٹ کے اجلاس میں قومی مالیاتی کمیشن پر عملدرآمد کی نگرانی پر دو سالہ مانیٹرنگ رپورٹ اور منظور شدہ تحریک التواء پر بحث کے آغاز کیلئے سینیٹر سردار محمد اعظم خان موسیٰ خیل کھڑے ہوئے تو انہوں نے کہا کہ وہ بحث کا آغاز نہیں کرینگے وزیر مملکت شیخ آفتاب قابل احترام ہیں لیکن یہ انتہائی اہم مسئلہ ہے ۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر خزانہ کو یہاں ہونا چاہئے تھا اس موقع پر سینیٹر فرحت اﷲ بابر نے کہا کہ ایوان میں اہم معاملات اٹھائے جائیں گے شیخ صاحب جواب نہیں دے سکتے ۔

چیئرمین سینیٹ رولنگ دیں اور وفاقی وزیر خزانہ کو پابند کریں کہ وہ ایوان میں اپنی حاضری یقینی بنائیں ۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ این ایف سی کا مسئلہ سنگین ہے ابھی نیا ایوارڈ آیا نہیں گزشتہ ایوارڈ کو ہی ایک سال کیلئے مزید بڑھا دیا گیا ہے حکومت اگر کسی وزیر کو کوئی کام سونپے تو میں اس پر رولنگ نہیں دے سکتا اس پر انہوں نے کہا کہ سیکرٹری خزانہ نے 20 ویں گریڈ کے افسر کو یہاں بٹھایا ہے جبکہ بین الصوبائی رابطہ کی وزارت نے اپنا کوئی نمائندہ یہاں نہیں بٹھایا انہوں نے ہدایت کی کہ بین الصوبائی رابطہ کی وزارت کے سیکرٹری کو نوٹس جاری کیا جائے بعد ازاں انہوں نے سینیٹر مختار احمد دھامرا کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وفاقی وزیر کی عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کیا اورکہا کہ وہ پہلے ہی تین رولنگ دے چکے ہیں یہ چوتھا اور آخری موقع ہے اگر وزراء نہ آئے تو میں انکی ایوان میں آنے پر دو سے تین روز کیلئے پابندی لگا سکتا ہوں ۔

آئندہ وزراء کی غیر حاضر ی برداشت نہیں کرونگا ۔اس سے قبل انہوں نے وزارت مذہبی امور کے وفاقی وزیر سے متعلق کہا کہ انہوں نے آج ایوان میں گزشتہ روز اٹھائے گئے بلوچستان سے متعلق حج کوٹہ کے سوالات کا جواب دینا تھا لیکن وہ بھی نہیں آئے جس پر انہوں نے ہدایت کی کہ وہ (کل) بدھ کو ایوان میں آئیں۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں