وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر وگلگت بلتستان برجیس طاہر کی چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت

نہتے شہریوں اور تعلیمی اداروں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے،وفاقی وزیر

بدھ 20 جنوری 2016 20:35

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ء) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر وگلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نہتے شہریوں اور تعلیمی اداروں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہو سکیں گے۔

اُنہوں نے شہیدوں کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم دہشت گردی کے ناسور کے خلاف مکمل طور متحد ہے اور پاکستانی قوم کو تعلیم و ترقی کے راستے سے روکنے والے دہشت گردوں کا مکمل صفایا کردیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ موجودہ حکومت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا تہیہ کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت برسر اقتدار آئی تو ملک میں امن و امان کی صورتحال بہت خراب تھی۔

(جاری ہے)

حکومت نے اس مسئلے کے پائیدار اور دیرپا حل کے لئے ایک وسیع تر اتفاق رائے سے پہلے مذاکرات کے ذریعے اس مسئلے کا حل تلاش کرنے کی کوشش کی لیکن جب یہ کوششیں کامیاب ثابت نہ ہوئیں تو حکومت اور سیکیورٹی کے اداروں نے پوری قوم کے اتفاق اور حمایت کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف ایک بھرپور آپریشن کا فیصلہ کیا جس کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں اور پورے ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں خاطر خواہ کمی رونما ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج دہشت گردی کا ناسور آخری سانسیں لے رہا ہے اور انشاء الله وہ دن دور نہیں جب خیبر تا کراچی پاکستان میں دیرپا امن قائم ہوگا۔ چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ہی ہے کہ جس نے دہشت گردی اور توانائی جیسے پاکستان کے بڑے بحرانوں کا جواں مردی سے سامنا کرنے کا فیصلہ کیا اور ہماری حکومت اپنے دور اقتدار میں ہی ان تمام چیلنجز پر مکمل قابو پا لے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نہ صرف اندرون ملک دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا تہیہ کئے ہوئے ہے بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی دہشت گردی کے خاتمے کے لئے اپنا بھرپور کردارادا کر رہی ہے جس کی بین الاقوامی سطح پر تعریف کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطے سے دہشت گردی کے خاتمے اور نئے خطرات سے نمٹنے کے لئے علاقائی ممالک کا آپس میں باہمی تعاون انتہائی ضروری ہے اور اس صورت حال میں خطہ کسی نئی کشیدگی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے نہ صرف پاکستان کو استحکام دلا رہے ہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک کے مابین خوشگوار تعلقات قائم کروانے اور عوام کی مجموعی خوشحالی کے لئے اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں