نجکاری کمیشن نے سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اورایس ایم ای بینک لمیٹڈ کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیروں کا تقرر کر دیا

انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بینک لمیٹڈ کو نجکاری پروگرام میں شامل کرنے پر اتفاق، پارکو کو نجکاری پروگرام سے خارج کرنے کا فیصلہ کابینہ کمیٹی کرے گی، میپکو اور پیسکو کی نجکاری کیلئے کنسورشیم کے ساتھ معاہدے کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا

بدھ 20 جنوری 2016 22:47

اسلام آباد ۔ 20 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔20 جنوری۔2016ءنجکاری کمیشن نے سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن اور سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) بینک لمیٹڈ کی نجکاری کیلئے مالیاتی مشیروں کا تقرر کر دیا۔ اس بات کا فیصلہ نجکاری کمیشن کے بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت نجکاری کمیشن کے چیئرمین محمد زبیر نے کی۔ بورڈ نے سٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے 15 فیصد حصص فروخت کرنے کیلئے حبیب بینک لمیٹڈ، بینک الفلاح لمیٹڈ، عارف حبیب لمیٹڈ اور ای ایس پی پی ایل پر مشتمل کنسورشیم قائم کیا۔

بورڈ نے ای ایس پی پی ایل اور برج فیکٹر کو ایس ایم ای بینک کی نجکاری کیلئے بطور کنورشیم مقرر کیا ہے۔ بورڈ کے اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ انڈسٹریل ڈویلپمنٹ بینک لمیٹڈ کو نجکاری پروگرام میں شامل کرنے کیلئے نجکاری کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کو تجویز دی جائے گی۔

(جاری ہے)

وزارت پٹرولیم کی جانب سے پاک عرب ریفائنری کمپنی (پارکو) کو نجکاری پروگرام سے خارج کرنے کیلئے دی گئی درخواست پر غور کرتے ہوئے بورڈ نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ اس معاملے کو نجکاری کے حوالے سے کابینہ کی کمیٹی کو بھیج دیا جائے گا جس کا فیصلہ یہ کمیٹی کرے گی۔

بورڈ نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ ملتان الیکٹرک سپلائی کمپنی اور پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کیلئے کنسورشیم کے ساتھ معاہدے کا ازسرنو جائزہ لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں