امریکہ کی قومی سلامتی کونسل اور دفترخارجہ اور وائٹ ہاؤس کا باچاخان یونیورسٹی پر دہشت گردحملوں کی مذمت

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 21 جنوری 2016 12:32

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 21 جنوری۔2015ء) امریکہ کی قومی سلامتی کونسل اور دفترخارجہ نے باچا خان یونیورسٹی اور افغانستان میں میڈیا کی ایک بس پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ چارسدہ میں واقع باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے میں 20 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جب کہ کابل میں ملک کی ایک بڑی میڈیا تنظیم کی بس پر خودکش کار بم حملے میں سات افراد مارے گئے۔

ایک بیان میں قومی سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں طلبا و اساتذہ اور افغانستان میں میڈیا کے نمائندوں پر قابل مذمت حملے دہشت گردوں کی طرف سے خطے کی سلامتی اور خوشحال مستقبل کو درپیش خطرات کو اجاگر کرتے ہیں۔بیان میں کونسل نے ان حملوں میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم انتہا پسندی و دہشت گردی کے خلاف خطے کے لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

(جاری ہے)

افغان دارالحکومت میں بس پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا ہدف نجی ٹی وی چینل طلوع تھا۔جس بس پر حملہ کیا گیا وہ موبی گروپ کی ملکیت تھے جو کہ ٹی وی چینل طلوع اور ایک بڑی پروڈکشن کمپنی کابورا کا مالک ہے۔یہ بس کمپنی کے ملازمین کو دفتر سے گھر لے جا رہی تھی کہ کابل کے وسطی علاقے میں خودکش کار بم دھماکے کا نشانہ بنی۔

دوسری جانب امریکی دفتر خارجہ کے نائب ترجمان مارک ٹونر نے چار سدہ میں باچاخان یونیورسٹی پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پاکستان کی نئی نسل کے مستقبل کو ہدف بنانا چاہتے ہیں۔ یہ حملے خطے کو درپیش خطرات کو ظاہر کرتے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکا حملے میں جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

ترجمان کاکا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں،دہشت گرد پاکستان کی نئی نسل کے مسقبل کو ہدف بنانا چاہتے ہیں۔وائٹ ہاؤس نے بھی پاکستان اور افغانستان میں حملوں کی مذمت کرتے ہوئے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں حملے خطے کو درپیش دہشت گردوں کے خطرے کو ظاہر کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں