باچا خان یونیورسٹی پر حملہ ‘ شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر یوم سوگ منایا گیا

جمعرات 21 جنوری 2016 13:30

اسلام آباد /چار سدہ /پشاور /لاہور /مظفر آباد /گلگت /کوئٹہ /کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) چار سدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر گزشتہ روز حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر یوم سوگ منایا گیا ‘ قومی پرچم نگوں رہا ‘ فضاسوگوار رہی ‘ تمام چھوٹے اور بڑے تعلیمی اداروں میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جبکہ ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں میں سکیورٹی بڑھادی گئی ‘ داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تفصیلات کے مطابق چار سدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے آزاد کشمیر ‘ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں یوم سوگ منایا گیا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے سکولوں میں صبح نو بجے دعائیہ تقریبات کاانعقاد کیا گیا اور بچوں نے شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں کیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام صوبوں میں قومی پرچم سرنگوں رہا اور فضا سوگوار دیکھی گئی ۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخوا حکومت نے تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے صوبائی اسمبلی ‘اہم سرکاری ، نیم سرکاری اور خود مختار اداروں کی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا خیبر پختونخوا بار کونسل نے یوم سوگ کے دوران عدالتوں میں پیش نہ ہونے کا اعلان کیااسی طرح بلوچستان اور سندھ اور پنجاب کے سکولوں میں بھی اسمبلی کے دور ان دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں سندھ میں سانحہ چارسدہ کے بعد ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں تمام کاروائیاں معطل رکھی گئیں اور وکلاء عدالتوں میں پیش نہیں ہوئے۔

چارسدہ میں دہشت گردی کے بڑے واقعہ کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر پنجاب پولیس نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پنجاب یونیورسٹی میں مشق کی۔پولیس کی جانب سے اچانک فلیگ مارچ اور دہشت گردوں سے نمٹنے کے لیے تربیتی مشق کا مظاہرہ کیا گیا۔مشق میں محکمہ انسداد دہشت گردی، پولیس رسپانس یونٹ، کوئیک رسپانس یونٹ کے ساتھ ساتھ ایلیٹ فورس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بھی حصہ لیا۔مشق کی پیشگی اطلاع نہ ملنے پر کئی طالبات خوفزدہ بھی ہوگئیں اور اچانک مسلح اہلکاروں کا ایکشن دیکھنے کے باعث اِدھر ادھر بھاگنے لگیں۔پنجاب یونیورسٹی کی سیکیورٹی بھی مزید بڑھا دی گئی ہے اور داخلی وخارجی راستوں پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں