اسلامی ممالک کی پارلیمانی تنظیم کی خصوصی کمیٹی برائے سیاسی و خارجہ امور کی مشترکہ قرارداد میں مسئلہ کشمیر کو شامل کر لیا گیا

جمعرات 21 جنوری 2016 19:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔21 جنوری۔2016ء) اسلامی ممالک کی پارلیمانی تنظیم (پی یو آئی سی )کی خصوصی کمیٹی برائے سیاسی و خارجہ امور کی مشترکہ قرارداد میں مسئلہ کشمیر کو شامل کر لیا گیا۔قراردا د عراق کے دارالحکومت بغداد میں منعقدہ (پی یو آئی سی )کی جنرل اسمبلی کے 11ویں اجلاس میں کمیٹی میٹنگ میں منظور کی گئی ۔بغداد سے موصول پیغام کے مطابق قرارداد کو حتمی منظوری کے لئے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔

کمیٹی میں پیش کئے جانے والی قرارداد کے مسودے میں مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پر امن حل نکالنے پر زور دیا گیا ہے اور مسئلے کے پر امن حل کے لئے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا گیا ہے۔قرارداد میں خصوصی طور پر بھارت پر کشمیر میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے تحفظ کے لئے خدمات سرانجام دینے والی تنظیموں کے داخلے کی اجازت دینے پر زور دیا گیا ہے اور ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی سیکورٹی فورسز کی جارحیت پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جنرل اسمبلی کے اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی ممبران قومی اسمبلی پیر عمران شاہ اور امجد علی خان پر مشتمل دو رکنی پارلیمانی وفد کر رہا ہے ۔ وفد نے قرارداد میں مسئلہ کشمیر کی شمولیت کے لئے دیگر ممبر ممالک کو قائل کرنے میں بھرپور سرگرمی کا مظاہرہ کیا۔(پی یو آئی سی )اسلامی ممالک کی پارلیمانی تنظیم ہے جس کے جنرل اسمبلی کے 11ویں اجلاس میں 54ممالک کی پارلیمان سے ممبران شریک ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں