ٹی وی چینلز اپنے تمام قانونی، صحافتی اور پیشہ ورانہ تقاضوں کو پورا کریں، عملدر آمد میں ناکامی کی صورت میں پیمرا قانونی چارہ جوئی کا مجاز ہو گا

ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آرکی پریس کانفرنس کے دوران غیر اخلاقی لفظ نشر ہوا ، مؤثر تاخیری نظام کے نصب ہونے کی صورت میں بچا جا سکتا تھا، بیان

جمعرات 21 جنوری 2016 20:44

اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 جنوری۔2016ء) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا)نے اپنے قوانین کے تمام ٹی وی چینلز پر بلا تفریق نفاذ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ٹی وی چینلز سے کہا ہے کہ وہ اپنے تمام قانونی، صحافتی اور پیشہ ورانہ تقاضوں کو پورا کریں ۔ عملدر آمد میں ناکامی کی صورت میں پیمرا قانونی چارہ جوئی کا مجاز ہو گا۔

پیمرا نے ٹی وی چینلز کو یاد دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ مؤثر تاخیری نظام لگائے جانے سے بہت سی شکایتوں سے بچا جا سکتا ہے لیکن مؤثرتاخیری نظام کے نہ ہونے کی وجہ سے بدھ کی شب ایک بار پھر ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آرکی براہِ راست پریس کانفرنس کے دوران رات نو بجکر پانچ منٹ پرایک ایسا غیر اخلاقی لفظ نشر ہوا جس سے مؤثر تاخیری نظام کے نصب ہونے کی صورت میں بچا جا سکتا تھا۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اپنے بیان میں پیمرا کے جنرل منیجر آپریشنزفخرالدین مغل نے کہا کہ تقریباً روزانہ کی بنیاد پر پیمرا تمام ٹی وی چینلز کو یادہانی کروا رہا ہے کہ اپنے ایم سی آرز/پی سی آرزمیں مؤثر تاخیری نظام نصب کریں تاکہ سمعی و بصری مواد جو کہ سامعین کی ناگواری اور پیمرا قوانین کی خلاف ورزی کا باعث ہو، نشر ہونے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پیمرا ایک دفعہ پھر تمام ٹی وی چینلز سے درخواست کر رہا ہے کہ مؤثر تاخیری نظام (ٹائم ڈیلے میکنزم ) نصب کیا جائے تاکہ براہِ راست نشریات کے دوران غیر ضروری الفاظ کونشر ہونے سے روکا جا سکے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پیمرا اپنے قوانین کے تمام ٹی وی چینلز پر بلا تفریق نفاذ کیلئے پُرعزم ہے لہٰذا تمام سٹیک ہولڈر زسے باربار یہ درخواست کر رہا ہے کہ وہ اپنے تمام قانونی، صحافتی اور پیشہ ورانہ تقاضوں کو پورا کریں ، بصورتِ دیگر قوانین پر عملداری میں ناکامی کی صورت میں پیمرا قانونی چارہ جوئی کا مجاز ہو گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں