پاکستان ریڈ کریسنٹ کا صحت مند و محفوظ پاکستان کیلئے ’’الائنس‘‘ خوش آئند ہے‘پاکستان کو صحت مند و محفوظ اور خوشحال بنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی

سیمینار سے چیئرمین این ڈی ایم اے میجر جنرل اصغر نواز ‘ڈاکٹر سعید الٰہی ، ڈاکٹر رضوان نصیر و دیگر کا خطاب

جمعہ 22 جنوری 2016 18:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔22 جنوری۔2016ء) ریڈ کریسنٹ / ریڈ کراس، اقوام متحدہ اور حکومت نے ہلالِ احمر پاکستان کے الائنس برائے صحت مند محفوظ پاکستان میں شمولیت کرتے ہوئے اِس امر کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان کو صحت مند، محفوظ اور خوشحال بنانے کیلئے مشترکہ جدوجہد کی جائے گی، اِس بات کا اظہار ہلالِ احمر پاکستان کے زیر اہتمام ’’مشاورتی سیمینار‘‘ کے موقع پر مقررین نے کیا، اِس سیمینار میں این ڈی ایم اے، یونیسف، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، پاکستان کونسل برائے آبی تحقیق وسائل، یواین ڈی پی، اسلامک ریلیف، لیڈ پاکستان، پاکستان میڈیکل ریسرچ کونسل سمیت دیگر تنظیموں کے نمائندگان نے شرکت کی، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے ڈی جی میجر جنرل اصغر نواز نے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کا صحت مند محفوظ پاکستان کیلئے الائنس خوش آئند اقدام ہے ، یہ محفوظ معاشرے کے قیام کی بنیاد بنے گا،تمام تنظیموں جو خدمت خلق، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اور ریسکیو سے متعلق خدمات انجام دیتی ہیں کا اتحاد معاشرے کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گا،اجتماعیت سے ہم تمام مسائل پر قابو پاسکتے ہیں،پاکستان ریڈکریسنٹ اور این ڈی ایم اے مشترکہ طور پر آگے بڑھیں گے اور صحت مند محفوظ معاشرے کا قیام عمل میں لائیں گے، اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر سعید الٰہی نے کہا کہ صحت مند، محفوظ پاکستان ہمارا مشن ہے، اِس کی تکمیل کیلئے ہم نے میثاق انسانیت بھی کیا، سکولوں، کالجوں کے طلباء و طالبات کی شراکت سے فرسٹ ایڈ سے لے کر بلڈ ڈونیشن، بلڈ سکریننگ تک تربیت یافتہ عملہ تیار کریں گے، ہر گھر میں ایک فرسٹ ایڈر ہوگا،یہ اتحاد ہمیں درست سمت پر گامزن کرے گا، ہم مشترکہ اقدامات سے صحت مند، محفوظ پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر کریں گے، سیکرٹری جنرل پاکستان ریڈ کریسنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے سیمینار کے شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہوئے اِس امر کا اظہار کیا کہ وطن عزیز میں لوگوں کی کثیر تعداد صحت کے جملہ مسائل سے لے کر معاشی بدحالی کا شکار ہے،آج کی یہ حقیقت ہے کہ 80فی صد بیماریاں آلودہ پانی کے استعمال سے ہوتی ہیں، ہمیں اِس حوالے سے عوام میں شعور اُجاگر کرنا ہوگا،13ملین کے قریب لوگ کالے یرقان کا شکار ہیں، ٹریفک حادثات روز بروز بڑھ رہے ہیں، جس میں قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، لاپرواہی، بے احتیاطی، قوانین کی خلاف ورزی ایسے اسباب ہیں جو اِن حادثات کا باعث بنتے ہیں، ہم اِن اسباب بارے عوام کو آگاہی دینا چاہتے ہیں تاکہ قیمتی جانیں بچائی جاسکیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان ریڈ کریسنٹ کا صحت مند، محفوظ پاکستان کیلئے ’’الائنس ‘‘ دیگر تنظیموں کی بھرپور شرکت اِس بات کی غماز ہے کہ ہم وہ منزل حاصل کرلیں گے جس کے لیے آج بنیاد رکھی گئی ہے، سیمینار سے ڈاکٹر محمد اشرف، آئی ایف آر سی کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن گورخماز ہسینو، مارک ایندرے، جان ایکاجو، شاہد کاظمی، علی توقیر و دیگر نے کلیدی خطاب میں صحت مند، محفوظ پاکستان کیلئے تجاویز، اقدامات اور اپنی تنظیموں کی حکمت عملی بارے اظہار خیال کیا، الائنس کے شرکاء نے صحت مند، محفوظ پاکستان کیلئے دستخطی مہم میں حصہ لیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں