جنگلات کے کٹاؤ کی درست صورتحال معلوم کرنے کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے علاوہ متعلقہ صوبائی محکموں کے نمائندوں کو آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ

جمعہ 22 جنوری 2016 20:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔22 جنوری۔2016ء)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے ملک میں جنگلات کے کٹاؤ کی درست صورتحال معلوم کرنے کے لئے وزارت موسمیاتی تبدیلی کے علاوہ متعلقہ صوبائی محکموں کے نمائندوں کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر حفیظ الرحمان کی زیر صدارت جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔

اجلاس میں ملک میں جنگلات کی صورتحال اور ان کے کٹاؤ کی روک تھام کے حوالے سے کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ انسپکٹر جنرل جنگلات نے کمیٹی کو اس سلسلے میں اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ کمیٹی نے قرار دیا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد ماحولیات کا شعبہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے اس لئے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ سیکریٹریز یا جنگلات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کے محکموں کے نمائندوں کو کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں بلایا جائے تاکہ جنگلات سے متعلق زمینی حقائق کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل ہوسکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں حالیہ سیلابوں کے باعث ملک میں انسانی جانوں، املاک اور انفراسٹرکچر کے نقصانات سے متعلق ذیلی کمیٹی کی رپورٹ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی ملک اعتبار خان، چوہدری خالد جاوید، سلمان حنیف، شہناز سلیم، خالدہ منصور، نگہت پروین، مسرت احمد زیب، عبدالقادر خان اور نعیمہ کشور خان کے علاوہ وزارت موسمیاتی تبدیلی کے حکام نے بھی شرکت کی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں