اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام ہفتہ وار کتاب بازار جاری

پیر 25 جنوری 2016 15:22

اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جنوری۔2016ء) کتاب کلچر کا فروغ قیامِ امن میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام ہفتہ وار کتاب بازار قارئین کی سہولت کے لیے لگایا گیا ہے،کتاب بازار میں مختلف موضوعات پر بارعایت کتابیں دستیاب ہیں۔ کتاب بازار کتاب بینی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان کے چےئرمین ڈاکٹر محمد قاسم بگھیو نے ہفتہ وار کتاب بازار کے موقع پر کہی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور نفرت کے خلاف کتاب سب سے بڑا ہتھیار ہے۔ قلم کی طاقت ، قیام امن کی کوششوں میں سب سے اہم ہے اور یہ عوام کو نئی طاقت فراہم کرتی ہے۔ ہفتہ وار کتاب بازار ، کتاب سے محبت کرنے والوں کی سہولت کے لیے لگایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

کوشش کی گئی ہے کہ ادب کے علاوہ دیگر موضوعات کی کتابیں بھی اس بازار میں موجود ہوں۔ کتاب بازار سے اہل علم کے علاوہ طالبعلموں کو بھی اپنی ضرورت کے مطابق کتابیں ایک جگہ میسر ہو سکیں گی۔ اکادمی ادبیات پاکستان فروغ ادب میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔ اسی تناظر میں کتاب بازار کے انعقاد کے علاوہ بھی ملک بھر سے پبلشرز پر مشتمل ایک گرینڈکتاب میلہ ادبی تقریبات کے ساتھ ساتھ اکادمی کے آئندہ منصوبوں میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کتاب بازار ہر جمعہ سے ہفتہ کی صبح سے شام تک لگایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عہدِ حاضر میں کتاب کوجو مسائل درپیش ہیں ان میں اس کی اشاعت، قیمت اور قاری کا میسر نہ ہونا شامل ہے۔ کتاب بازار کا مقصد،مختلف موضوعات پر کتابوں کو ایک جگہ میسر کرنا ہے۔ کتاب بازار کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو اس کی طرف راغب کرنا بھی ہے۔ کافی عرصے سے اس بات کی ضرورت محسوس کی جارہی تھی کہ کسی ایک جگہ پر رعایتی نرخوں پر مختلف موضوعات پر کتابیں میسر ہوں۔

اکادمی نے اس کام کا بیڑا اٹھایا ہے اور ہفتہ وار کتاب بازار کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ کتاب بازار سے یقینا قاری استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اکادمی مارچ میں انٹر نیشنل کانفرنس منعقد کر رہی ہے جس میں دنیا بھر سے نمائندہ ریسرچ پیپرز پڑھیں جائینگے ، اس طرح سے یہ ایک ریسرچ کانفرنس ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں