ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد کی اہم کتاب”اصنافِ ادب “ کا تازہ ایڈیشن شائع

پیر 25 جنوری 2016 15:22

اسلام آباد ۔ 25 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 جنوری۔2016ء) نیشنل بُک فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام نامور سکالر، شاعر، محقق اور کئی کتابوں کے مصنف ڈاکٹر ارشد محمود ناشاد کی اہم کتاب ”اصنافِ ادب: تفہیم و تعبیر“ کا تازہ ترین ایڈیشن شائع ہو گیا ہے۔ 178صفحات کی یہ کتاب اردو لٹریچر کے طلبہ و اساتذہ اور محققین کے لیے ایک رہنما کتاب کا درجہ رکھتی ہے۔

اس علمی و ادبی کتاب کی قیمت 100روپے ہے جسے ریڈرز کلب کے ممبران صرف 45روپے میں این بی ایف کی کسی بھی بُک شاپ سے حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر ارشد محمود ناشادنے اس کتاب میں حمد و نعت، مرثیہ، قصیدہ، مثنوی، غزل، رباعی، ہائیکو، نظم، ماہیا، داستان، ناول، افسانہ، انشائیہ، ڈراما، خود نوشت، سفر نامہ، خاکہ نگاری طنز و مزاح اورترجمہ نگاری، سمیت اہم ادبی اصطلاحات کو نامور لوگوں کے اقتباسات کے ساتھ شامل کیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر انعام الحق جاوید نے اس کی اسی خوبی کے پیشِ نظر رکھا ہے کہ اس کتاب کو ”کتاب الاقتباسات“ بھی کہا جا سکتا ہے جو محققین و ناقدین کے لیے بہت مفید ہے۔ اس کتاب کے مصنف ان دنوں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے شعبہٴ اُردو میں تدریس کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے اپنی اس کتاب میں طلبہ کی تحقیقی ضروریات کوخاص طور پر پیشِ نظر رکھا ہے ۔ یہ کتابیں این بی ایف کے اُس مشن کا حصّہ ہے جس کے تحت قارئین کو علمی و تحقیقی اور تاریخی کتب شائع کر کے بہت کم قیمت پر فراہم کی جا رہی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں