پی آئی اے نجکاری: جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر ملک بھر میں ملازمین کی ہڑتال،دفاتر کو تالے

ہڑتال2 فروری تک جاری رکھنے کا اعلان

منگل 26 جنوری 2016 14:25

اسلام آباد ،کراچی،لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 جنوری۔2016ء) پی آئی اے کے ملازمین نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اعلان کے تحت ادارے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ملک بھر میں قومی ادارے کے دفاتر کو تالے لگادیئے ،پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن کے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اعلان کے تحت ملک بھر میں ادارے کے ملازمین کی جانب سے احتجاج شدید احتجاج اور دھرنا دیا گیا، اسلام آباد کے بے نظیر ائیر پورٹ پر ملازمین نے دفاتر کو تالے لگائے اور دھرنا دیتے ہوئے حکومت کے خلاف شدید احتجاج کیا اور پی آئی اے نجکاری ”نا منظورنامنظور“ کے نعرے لگائے ،اس موقع پر اندرون وبیرون ملک جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ،کراچی میں ادارے کے ہیڈ آفس کو تالے لگا کر ملازمین نے احتجاج کیا جبکہ دفتر میں چیئرمین سمیت کسی بھی اہلکاروں کو داخل بھی نہیں ہونے دیا گیا۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ ملک بھر میں پی آئی اے کے بکنگ آفس بند اور کارگو و کورئیر سروس بھی معطل ہے جبکہ اسلام آباد ،لاہور ،پشاور ،کوئٹہ اور دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ائیر پورٹ پر ملازمین نے شدید احتجاج کیا اور پی آئی اے احاطے میں دھرنا دیا،ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت پی آئی اے کو کارپوریشن سے پبلک لمیٹڈ میں تبدیل کر کے شب خون ماراہے جس کے خلاف ہر سطح پر آواز اٹھائی جائے گی۔

ادھر لاہور میں قومی ایئرلائنز ”پی آئی اے “ کی مجوزہ نجکاری کے خلاف پی آئی اے کے ملازمین سراپا احتجاج بن گئے اور دھمکی د ی کہ پی آئی اے کے دفاتر کی تالہ بندی کرتے ہوئے حکومت کو خبردار کیا کہ اگر حکومت نے 2فروری تک ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے تو 3فروری سے فلائٹ اپریشن ملتوی کردیا جائے گا۔ پی آئی اے کے دفاتر کی تالہ بندی کی وجہ سے ٹکٹ خریدنے اور تاریخوں میں توسیع کرانے والوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

پی آئی کے ملازمین جن میں خواتین کی بڑی تعداد شامل تھی نے حکومت کے فیصلے کے خلاف نعرے بازی کی۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے چند روز قبل قومی اسمبلی کے اجلاس میں پی آئی اے کو کارپوریشن بنانے کا بل منظور کرلیا تھا جس کی اپوزیشن اراکین قومی اسمبلی نے شدید مخالفت کی تھی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں