سپریم کورٹ کا این اے 125 میں نادرا کو ووٹوں کی تصدیق کا حکم

منگل 26 جنوری 2016 16:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 125 میں ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف خواجہ سعد رفیق کی اپیل پر سماعت کرتے ہوئے ووٹوں کی تصدیق کا حکم دے دیا،عدالت نے حکم دیا کہ نادرا ووٹوں کی تصدیق کر کے رپورٹ 3ماہ میں جمع کرائے، انگوٹھوں کی تصدیق کا خرچ پی ٹی آئی کے امیدوار حامد خان اٹھائیں گے،نادرا کی رپورٹ آنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

منگل کو این اے 125 میں دھاندلی کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے الیکشن کمیشن کو حلقے کے تمام 265 پولنگ سٹیشنوں میں کاؤنٹر فائل اور انگوٹھوں کی نادرا سے تصدیق کا حکم دے دیا۔ سپریم کورٹ نے نادرا کو ووٹوں کی تصدیق کی رپورٹ تین ماہ میں جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ انگوٹھوں کی تصدیق کا خرچ پی ٹی آئی کے امیدوار حامد خان اٹھائیں گے، نادرا کی رپورٹ آنے کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

سماعت کے دوران جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ سعد رفیق اسمبلی میں بیٹھے ہیں انہیں انگوٹھوں کی تصدیق سے کیا مسئلہ ہے۔ عدالت نے انگوٹھوں کی تصدیق کا حکم سناتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ عام انتخابات میں این اے 125 سے مسلم لیگ ن کے خواجہ سعد رفیق کامیاب ہوئے تھے جن کی کامیابی کو مخالف امیدوار پی ٹی آئی کے حامد خان نے الیکشن ٹربیونل میں چیلنج کیا تھا۔ مئی 2015 میں الیکشن ٹربیونل نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا جس کے خلاف ن لیگ کے خواجہ سعد رفیق نے سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے 11مئی کو ٹربیونل کے فیصلے پر حکم امتناع جاری کردیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں