افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی ، باچا خان یونیورسٹی حملے میں افغان سر زمین استعمال ہونے پر احتجاج

ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تعاون کیا جائے ، پاکستان نے افغان ناظم االامور کو تشویش سے آگاہ کیا ، دفتر خارجہ

منگل 26 جنوری 2016 18:23

افغان ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی ، باچا خان یونیورسٹی حملے میں افغان سر زمین استعمال ہونے پر احتجاج

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 جنوری۔2016ء) پاکستان نے افغان ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے باچا خان یونیورسٹی حملے میں افغان سر زمین استعمال ہونے پر احتجاج کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے کارروائی کرے ۔

(جاری ہے)

منگل کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں افغان ناظم الامور سید عبد الناصریوسفی کو گزشتہ روز دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور باچا خان یونیورسٹی چار سدہ پر ہونیوالے حملے میں افغان سر زمین استعمال ہونے پر احتجاج کیا گیا ۔

ترجمان کے مطابق حملے سے متعلق معلومات پہلے ہی افغانستان کو فراہم کی جا چکی ہیں تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دہشتگردوں کے ہینڈلر افغان سر زمین استعمال کررہے تھے اور اس دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی وعملدرآمد کیلئے افغانستان کا ٹیلی کمیونیکیشن سسٹم استعمال کیا گیا ۔ پاکستان نے افغان ناظم الامور کو اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کی جائے اور انہیں جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کیلئے تعاون کیا جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں