جنرل راحیل شریف کا بروقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ دانشمندانہ ہے ، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان کی قیادت میں کامیابیاں ہمشیہ یاد رکھی جائیں گی، دفاعی تجزیہ کاروں اور ماہرین کا ریڈیو پروگرام میں اظہارخیال

منگل 26 جنوری 2016 20:27

اسلام آباد ۔ 26 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 جنوری۔2016ء) دفاعی تجزیہ کاروں اور ماہرین نے کہاہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا بروقت ریٹائرمنٹ کا فیصلہ دانشمندانہ ہے ، دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ان کی قیادت میں کامیابیاں ہمشیہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان خیالات کااظہار دفاعی تجزیہ کاروں اور ماہرین نے ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز چینل کے پروگرام نقطہ نظر اور پرسپیکٹو میں کیا۔

لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف ایک معزز آفیسر ہیں اور انہوں نے دنیا میں پاکستان کے کردار کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ مقررہ وقت پر ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ درست ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے آپریشن ضرب عضب شروع کیا جسے پورے پورے عزم و استقلال کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

دفاعی تجزیہ کار لیفٹیننٹ جنرل (ر) طلعت مسعود نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کی خبریں بے بنیاد تھیں۔

آرمی چیف نے بروقت صحیح فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان کو پرامن ملک بنانے کیلئے آرمی چیف کی کوششوں کو ہم سب سراہتے ہیں۔ پاکستان کی تاریخ میں جنرل راحیل شریف ایک کامیاب آرمی چیف رہے ہیں۔ دفاعی امور کے ماہر لیفٹیننٹ جنرل (ر) معین الدین حیدر نے کہا کہ جنرل راحیل شریف ایک بہادر اور معزز خاندان کے سپوت ہیں۔ انہوں نے آنے والوں کیلئے مثال قائم کی ہے۔

آرمی چیف نے بھرپور عزم کے ساتھ آپریشن ضرب عضب شروع کیا جس سے دہشت گردی کا بڑی حد تک خاتمہ ہوا۔ دفاعی تجزیہ کار میجر جنرل (ر) فاروق نے کہا کہ ہم جنرل راحیل شریف کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ پاک آرمی نے آپریشن ضرب عضب میں بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ آپریشن آخری مراحل میں ہے اور ہم اپنی سرزمین سے اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر ظفر اقبال چیمہ اور ڈاکٹر ماریہ سلطان نے کہا کہ آرمی چیف نے ملک میں جمہوریت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاک آرمی نے ان کی قیادت میں شاندار کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ سینئر تجزیہ کار اے زیڈ ہلالی نے کہا کہ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کو متحد کیا، قوم نے موثر انداز میں اس کا جواب بھی دیا۔ آرمی چیف نے خود کو سچا پیشہ ور فوجی ثابت کیا ہے۔ دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے آپریشن ضرب عضب پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں