ملتان میں اکادمی ادبیات کا علاقائی دفترقائم کرنے کی منظوری

حکومت شاعروں،ادیبوں اوراہل علم و ادب کی سرپرستی میں انتہائی سنجیدہ ہے،کئی سکیمیں زیرغورہیں،جلد اعلان کریں گے ، وزیراعظم کے مشیرکااجلاس سے خطاب

منگل 26 جنوری 2016 21:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 جنوری۔2016ء) جنوبی پنجاب کے شاعروں،ادیبوں اوراہل دانش کے لئے ملتان میں اکادمی ادیبات کا علاقائی دفتر قائم کرنے کی منظوری دیدی گئی ہے۔وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ و ادبی ورثہ عرفان صدیقی کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں یہ فیصلہ منگل کو کیا گیا۔عرفان صدیقی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آزادکشمیر اورگلگت بلتستان میں بھی اکادمی کے دفاتر قائم کرنے کاجائزہ لیا جائے تاکہ وہاں کے تخلیق کاروں کو بھی اپنے فن کے اظہار کے مواقع مل سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت شاعروں،ادیبوں اوراہل علم و ادب کی سرپرستی میں انتہائی سنجیدہ ہے اوراس سلسلے میں کئی سکیمیں تیار کی جارہی ہیں جن کا جلد اعلان کیاجائیگا۔وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ انتہا پسندی اور عدم برداشت جیسی بیماریوں کے شکار معاشروں میں شعروادب کا فروغ انتہائی مثبت کردار اداکرتاہے۔اجلاس میں پاکستان اکادمی ادبیات کے چیئرمین ڈاکٹر قاسم بگھیو،ریڈیو پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل سید عمران گردیزی،اکادمی کے عہدیداروں اورتاریخی و ادبی ورثہ ڈویژن کے اعلی افسران نے شرکت کی

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں