پی ٹی وی کے چار ریٹائرڈ افسران دھوکے دہی کے مقدمے میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے

بدھ 27 جنوری 2016 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 جنوری۔2016ء) اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے چار ریٹائرڈ افسران اور ایک پرائیویٹ کنٹریکٹر کو جعل سازی اور دھوکے دہی کے مقدمے میں تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز سینئر سول جج عبدالغفور کاکڑ نے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے چار ریٹائرڈ افسران جن میں اصغر علی کنٹرولر انجیئرنگ ، پرویز ریذیڈنٹ انجیئر ، عبدالغفار کنٹرولر آڈٹ ، احمد خان کنڑولر ایڈمن اور ایک پرائیویٹ کنٹریکٹر فراز حسین نقوی کے مقدمے کی سماعت کی ۔

سماعت کے دوران ایف آئی اے کے تفتیشی افسر کاشف نے عدالت کو بتایا کہ ان چار افسران نے دوران ملازمت آزاد کشمیر کے علاقے نیلم ویلی میں پی ٹی وی کی طرف سے لگائے گئے ری براڈ کاسٹنگ سٹیشن کا ٹھیکہ جس کا تخمینہ 7 کروڑ 32 لاکھ روپے تھا ایک ایسی پرائیویٹ فرم کو دیا جو کہ پاکستان انجیئرنگ کونسل میں رجسٹرڈ نہیں تھی ۔

(جاری ہے)

2009 میں دوران انکوائری یہ بات ثابت ہوئی کہ یہ افسران اس گھپلے میں ملوث ہیں ۔

لہذا ایف آئی نے ان افراد کو گرفتار کیا ۔ ملزمان کا یہ پہلا جسمانی ریمانڈ ہے اس لئے مزید ابتدائی تفتیش کے لئے چودہ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کیا جائے ۔ جس پر ملزمان کے وکیل نے اعتراض کیا کہ ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی ضرورت نہیں ۔ ملزمان کو جوڈیشل کیا جائے ۔ وکلاء کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے ملزمان کو 30 جنوری تک جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمان کو 30 جنوری کو دوبارہ عدالت پیش کیا جائے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں