شفافیت اور گڈ گورننس مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا خاصا ہے،ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کرپشن سے پاک ملک کے حصول کی جانب کوششوں کا واضح ثبوت ہے،شفافیت کے کلچر کو فروغ دیتے ہوئے پاکستان کو بتدریج ایشیاء اور دُنیاکا ترقی یافتہ ملک بنائیں گے

وفاقی وزیر اُمورکشمیر وگلگت بلتستان برجیس طاہرکی مسلم لیگ (ن) آزادکشمیرکے رہنما اعجازرضا سے بات چیت

بدھ 27 جنوری 2016 21:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 جنوری۔2016ء ) وفاقی وزیر برائے اُمورکشمیر وگلگت بلتستان چوہدر ی محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ موجودہ وفاقی حکومت ملک میں شفافیت اور گڈ گوورنینس کو یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔ وہ بدھ کو یہاں اسلام آباد میں مسلم لیگ (ن) آزادکشمیرکے رہنما اعجازرضا سے بات چیت کر رہے تھے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت نے نہ صرف ملک میں ترقی کے لیے بڑے بڑے ترقیاتی منصوبے شروع کررکھے ہیں بلکہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل اور ان میں کوالٹی اور شفافیت کو بھی خصوصی طورپر مدنظر رکھا جا رہاہے۔وفاقی وزیر نے ٹرانسپرنسی انڑنیشنل کی حالیہ رپورٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ رپورٹ پاکستان اور مسلم لیگ(ن)کی حکومت کے لیے ایک اعزاز سے کم نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ ڈھائی سال کے مختصر عرصے میں حکومت نے نہ صرف ملک کو تیز ترترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے بلکہ کفایت شعاری اور شفافیت کو یقینی بنا کر قومی خزانے کی بھی بچت کی ہے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا کہ پاکستان کو سارک کا شفاف ترین ملک قرار دینا مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی ایک بڑی کامیابی ہے لیکن ہم نے اس سے کئی زیادہ منازل طے کرنی ہے اور ملک میں شفافیت اور گڈ گورنینس کے کلچر کو مزید فروغ دیتے ہوئے پاکستان کو بتدریج ایشیاء اور دُنیا کا ترقی یافتہ اور شفاف ترین ملک بناناہے۔

مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر کی مقامی قیادت پر زور دیتے ہوئے وفاقی وزیر کہا کہ وہ پیش آمدہ انتخابات کے ضمن میں میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کا پیغام گھر گھر پہنچائیں۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کشمیر سے بے پناہ پیار کرتے ہیں جس کاواضح ثبوت اُن کی جانب سے کشمیر کو دیے گئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کی طرح آزادکشمیر میں بھی مسلم لیگ(ن) کامیابی کے جھنڈے گاڑھے گی اور انشاء اﷲ آزادکشمیرمیں ایسی حکومت کی بنیاد رکھے گی جو شفافیت اور ترقیاتی کاموں کے حوالے سے اپنی مثال آپ ہو اور عوام کے خزانے کو امانت جانتے ہوئے اس کی پائی پائی کشمیری عوام کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

اس موقع پر اعجاز رضا نے آفیسرز کلب میرپور کی زمین کے تنازع کے حوالے سے اپنی گزارشات وفاقی وزیر کے سامنے پیش کیں جس پر وفاقی وزیر نے حقائق پر مبنی رپورٹ طلب کر لی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں