وزیر داخلہ نے آئی وی آرہیلپ لائن سروس کا افتتاح کردیا

نظام سے صارفین جلد ازجلد شناختی کارڈ اور پاسپورٹ حاصل کرسکیں گے ‘وزیر داخلہ

جمعرات 28 جنوری 2016 16:15

وزیر داخلہ نے آئی وی آرہیلپ لائن سروس کا افتتاح کردیا

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 جنوری۔2016ء) وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے انٹرایکٹو وائس ریسپانس ہیلپ لائن سروس اورموبائل کے ذریعے پاسپورٹ فیس کلیکشن کا باضابطہ طور پر افتتاح کر دیا ‘درخواست دہندہ ملک بھر سے اپنے موبائل سے 9988 نمبر ملا کر پاسپورٹ ، فیس اور دفاتر سے متعلق تمام معلومات حاصل کرسکتا ہے۔ یہ سہولت نیشنل بنک آف پاکستان کے تعاون سے شروع کی گئی ہے ‘ابتدائی طور پر یہ سروس پانچ زبانوں اردو، انگریزی، پشتو، سندھی اور سرائیکی میں شروع کی گئی ہے بعد میں اسے دوسری زبانوں تک توسیع دی جائے گی۔

پہلے مرحلے میں اس سروس کا آغاز اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہورہا ہے اوراس سال اسے دوسرے شہروں میں بھی شروع کیا جائے گا۔جمعرات کو ا س موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہاکہ اس نظام سے صارفین شناختی کارڈ اور پاسپورٹ جلد ازجلد حاصل کرسکیں گے ۔

(جاری ہے)

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاسپورٹ شناختی کارڈ کے حصول میں کسی قسم کی جعل سازی اور کرپشن کو روکنے کے سلسلے میں اقدامات کئے گئے ہیں اور یہ اقدام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے سالہال سے پاسپورٹ اورشناختی کارڈ دفاتر میں عوام ذلیل وخوار ہوتے تھے لیکن آج صورتحال مختلف ہے اگر کچھ لوگوں نے حکومت کے اقدامات سے آنکھیں اور کان بند رکھے ہیں تو وہ یاد رکھیں کہ حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے تمام اقدامات کررہی ہے اس سال کے آخری تک کوئی ایسا ضلع نہیں رہے گا جہاں پاسپورٹ دفتر نہ ہو ۔

گزشتہ ساٹھ سالوں میں کسی نے اس پر کوئی توجہ نہیں دی ای سی ایل میں تیس ‘تیس سالوں سے ہزاروں لوگ تھے پاکستان میں لائسنس کے بغیر این جی اوز سالہال سے کام کررہی تھیں مگر کسی نے نہیں پوچھا انہوں نے کہاکہ ساٹھ سال سے بوٹی مافیا کاقبضہ تھا پاسپورٹ فیس جمع کرانے سے لیکر ڈلیوری تک رشوت وصول کی جاتی تھی ہم نے پاسپورٹ کی مدت پانچ سال سے بڑھا کر دس سال کر دی ہے ارجنٹ پاسپورٹ چار دن اور عام پاسپورٹ دس دنوں میں دیا جاتا ہے ہم نے ہوم ڈلیوری سروس شروع کی ہے میں ان کامیابیوں پر ڈی جی پاسپورٹ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں یہ بہت اہم سروس ہے اچھی سروس کی تشریح ضروری ہے ۔

اس موقع پر ڈی جی پاسپورٹ اور موبی کیش کے حکام کے درمیان بھی ایک معاہدہ ہوا جس کے تحت پاکستان بھر سے شہری موبی کیش کے ذریعے اپنی فیس جمع کروا سکتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں