پاکستان مالدیپ کے دوستانہ روابط مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، تجارت کے شعبہ میں وسیع تر مواقع سے استفادہ کی ضرورت ہے،

وزیراعظم محمد نواز شریف کا مالدیپ کے وزیر خارجہ دنیا مامون سے ملاقات کے دوران اظہار خیال، مالدیپ کے صدر کا مراسلہ بھی پہنچایا گیا

جمعرات 28 جنوری 2016 18:09

اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔29 جنوری۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے اور یہ دوستانہ روابط مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کو تجارت کے شعبہ میں وسیع تر مواقع سے استفادہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات مالدیپ کی وزیر خارجہ دنیا مامون سے جمعرات کو وزیراعظم ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کو تجارت کے شعبہ میں وسیع تر مواقع سے استفادہ کی ضرورت ہے، پاکستان جنوبی ایشیاء کے لئے خصوصی تعاون پروگرام کے تحت مالدیپ کی معاونت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑ رہا ہے اور جاری فوجی آپریشن ضرب عضب کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نواز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان دہشت گردی کی لعنت کی روک تھام اور خاتمے کے لئے ہمسایہ ممالک کے اقدامات کے لئے حمایت اور تمام ممکنہ تعاون فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مالدیپ کو بالخصوص سیاحت کے میدان میں وسیع تر مواقع سے استفادہ کے لئے اپنے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ دنیا مامون نے وزیراعطم نواز شریف کو مالدیپ کے دورہ کی دعوت دی اور اس موقع پر صدر مالدیپ کا مراسلہ بھی پہنچایا۔ وزیر خارجہ نے مالدیپ کے لئے پاکستان کی مسلسل معاونت پر شکریہ بھی ادا کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں