بیت المال معاشرے کے نادار ،غریب افراد کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہاہے ، ممنون حسین

سماجی شعبے، صحت، تعلیم ،عورتوں کو معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع دینے بارے ادارے کی خدمات لائق تحسین ہیں، صدر مملکت

جمعرات 28 جنوری 2016 20:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان بیت المال معاشرے کے نادار اور غریب افراد کیلئے قابل قدر خدمات سرانجام دے رہاہے خاص طور پر سماجی شعبے، صحت، تعلیم اور عورتوں کو معاشرے میں باعزت زندگی گزارنے کے مواقع دینے کے حوالے سے اس ادارے کی خدمات لائق تحسین ہیں۔صدرمملکت ممنون حسین نے یہ بات پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائریکٹر بیرسٹر عابد وحید شیخ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

صدرمملکت نے کہا کہ حکومت ملک سے غربت کے خاتمے کے لئے کوشاں ہے کیونکہ کوئی بھی معاشرہ غربت کے خاتمے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، حکومت نے اس مقصد کے لئے کئی پروگرام شروع کئے ہیں اور پاکستان بیت المال کا کردار اس سلسلے میں بہت اہم ہے ، صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان بیت المال کو اپنا کردار مزید موثر طریقے سے ادا کرنا چاہیے۔ پاکستان بیت المال کے منیجنگ ڈائیریکٹر عابد وحید شیخ نے ملاقات کے موقع پر صدر مملکت کو اپنے ادارے کی کارکردگی اور اس کے آئندہ کے منصوبوں سے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں