ہائر گروپ آف کمپنیز کے وفد کی سی ای او ذیشان قریشی کی زیر قیادت میں انوشہ رحمان سے ملاقات

ہائر گروپ پاکستان میں مقامی سطح پر سمارٹ فون بنانے کی صنعت لگانے کا ارادہ رکھتا ہے ٗوفد کی گفتگو نئے کاروبار پر وابستہ کمپنیوں کو تمام ممکنہ سہولیات مہیاء کی جائیں گی ٗوزیرمملکت

جمعرات 28 جنوری 2016 20:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔29 جنوری۔2016ء) ملک میں موبائل سازی کی صنعت کے فروغ کے لئے مثبت حکومتی پالیسیوں کے پیش نظر پاکستان میں موبائل سازی کی صنعت کے قیام کے سلسلہ میں ہائر گروپ آف کمپنیز کے اعلیٰ سطحی وفد نے سی ای او ذیشان قریشی کی زیر قیادت وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان سے ملاقات کی۔ ممبر ٹیلی کام مدثر حسین اور ممبر ایچ آر طاہر مشتاق بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔

اس موقع پر ہائر کمپنی کے سی ای او نے وزیر مملکت کو بتایا کہ تھری جی اور فور جی سروسز شروع ہونے کے بعد پاکستان موبائل مینوفیکچرنگ کے لئے ایک اہم اور سودمند مارکیٹ بن چکا ہے، اس لئے ہائر گروپ پاکستان میں مقامی سطح پر سمارٹ فون بنانے کی صنعت لگانے کا ارادہ رکھتا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح اپریل 2016ء میں کر دیا جائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے ہائر گروپ کے اس فیصلے کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ موبائل سازی کی صنعت کا قیام ہماری ٹیلی کام پالیسی کا بنیادی جزو ہے کیونکہ ہم ایک ایسا ماحول تشکیل دینا چاہتے ہیں جس میں ہر پاکستانی کے لئے سستی اور معیاری سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے اور ٹیلی کام سیکٹر میں ترقی کے ثمرات سے بلا تفریق ہر شخص مستفید ہو سکے۔

اس مقصد کے لئے مقامی طور پر موبائل سیٹس کی تیاری کا ہونا بہت ضروری ہے۔ وزیر مملکت نے ہائر گروپ کے اراکین کو بتایا کہ پاکستان میں موبائل سازی کی صنعت کے قیام کے لئے ہماری حکومت نے حالیہ بجٹ میں خصوصی مراعات کا بھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھری جی اور فور جی کے بعد سستے اور معیاری موبائل ہینڈ سیٹس کی اشد ضرورت محسوس کی جا رہی ہے جس کے سبب اس شعبہ میں سرمایہ کاری کے مواقع مزید بڑھ گئے ہیں۔

انوشہ رحمان نے کہا کہ ہماری حکومت مقامی سطح پر موبائل سازی کی صنعت کا قیام چاہتی ہے، اس لئے اس نئے کاروبار پر وابستہ کمپنیوں کو تمام ممکنہ سہولیات مہیاء کی جائیں گی۔ انہوں نے سب سے پہلے موبائل سازی کی صنعت کے قیام پر ہائر گروپ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اس صنعت کے قیام سے روزگار کے کئی نئے مواقع میسر آئیں گے۔ ہائر کمپنی کے وفد نے حکومتی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کی معاونت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر مملکت کو یقین دلایا کہ ہائر گروپ بہت جلد پاکستان میں انتہائی کم قیمت اور بین الاقوامی معیار کے مطابق ’’موبائل ہینڈ سیٹ‘‘ کی تیاری عمل میں لائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں