وزیر اعظم 10 فروری کو قطر کا دورہ ، ایل این جی معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے

پاکستان کو 600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی قلت کا سامنا ، روس اور متحدہ عرب امارات کی 2کمپنیوں سے بھی حکومت کے مذاکرات جاری ہیں ذرائع

جمعہ 29 جنوری 2016 19:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء) وزیر اعظم میاں نواز شریف 10 فروری کو قطر کا دورہ کریں گے جہاں وہ قطر کے ساتھ ایل این جی کے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں شرکت کریں گے جبکہ وہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی ‘قطر کے و زیر اعظم عبداﷲ بن نصیر بن خلیفہ الثانی سے ملاقاتیں کریں گے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کے دورہ کی تاریخ طے کر دی گئی ہے جس کا باضابطہ اعلان آئندہ ہفتے کر دیا جائیگا۔

وزیر اعظم کے اس دورے مقصد پاکستان میں توانائی بحران کے خاتمہ میں اہم پیش رفت کیلئے ایل این جی معاہدے پر دستخط کرنا ہے۔ اس معاہدے پر گزشتہ ایک سال سے زائد عرصہ سے وزارت پٹرولیم اور کویت کے حکام کے درمیان بات چیت چلتی رہی ہے جبکہ گزشتہ ہفتے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بھی ایل این جی معاہدے کی منظوری دیدی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی ‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار ‘ وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سمیت دیگر سینئر حکام بھی قطر جائیں گے۔

وزیر اعظم قطر کے امیر سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات ‘ خطے کی صورتحال سمیت دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی بات چیت کریں گے۔ پاکستان قطر سے 200 ایم ایم سی ایف ڈی گیس خریدے گا جس کیلئے کراچی میں ٹرمینل تیار کیا جا چکا ہے اور یہ گیس اینگرو کمپنی کے ذریعے پاکستان لائی جا رہی ہے جبکہ روس اور متحدہ عرب امارات کی 2 کمپنیوں کی ساتھ بھی حکومت کے مذاکرات جاری ہیں۔ پاکستان کو اس وقت مجموعی طور پر 600 ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی قلت کا سامنا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ایل این جی آمد کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد پاکستان میں نہ صرف گیس کی کمی کا مسئلہ مستقل طو رپر حل ہو جائیگا بلکہ بجلی کے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ میں بھی ایل این جی مرکزی کردار ادا کرے گی

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں