احتساب عدالت نے ڈی ایچ اے اراضی فراڈ کیس میں 3 ملزمان کو مزید 6 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا

جمعہ 29 جنوری 2016 20:11

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔29 جنوری۔2016ء ) احتساب عدالت نے ڈی ایچ اے اراضی فراڈ کیس میں تین ملزمان کو مزید 6 دن کے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا ۔جمعہ کو نیب نے اراضی فراڈ کیس کے تین ملزمان سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر ڈی ایچ اے کرنل (ریٹائرڈ) صباحت قدیر بٹ، سابق ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے بریگیڈئیر(ریٹائرڈ)جاوید اقبال اور نجی کمپنی الیزیم کے سی ای او وسیم اسلم کو اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کے روبرو پیش کیا گیا۔

نیب نے تفتیش کے لیے ملزمان کے بنک اکاؤنٹس کی تفصیل اور ریکارڈ کے حصول کے لیے ملزمان کے مزید 14 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ وکلاء صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تمام ریکارڈ ڈی ایچ اے کے آفس سے حاصل کیا جا سکتا ہے، ملزمان کی متعلقہ ریکارڈ تک رسائی نہیں پھر جسمانی ریمانڈ کیوں مانگا جا رہا ہے؟ نیب حکام کا کہنا تھا کہ ملزما ن پر اختیارات کے غلط استعمال اور 5ہزار کنال اراضی کے الاٹمنٹ سرٹیفکیٹس غیر قانونی طور پر جاری کر کے 1 ارب 80 کروڑ روپے کی خرد برد کا الزام ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں تاہم ڈی ایچ اے سے ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے جی ایچ کیو کی منظوری ضروری ہے۔

(جاری ہے)

عدالت نے ملزمان کا چھ روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اس عرصہ میں تفتیش مکمل کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے سماعت 4 فروری تک ملتوی کر دی۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں