وزیر خزانہ نے نان فائلرز کیلئے رقوم کی منتقلی پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 0.3 فیصد مقرر کرنے کی منظوری دیدی

ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 29 فروری تک توسیع

ہفتہ 30 جنوری 2016 20:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔30 جنوری۔2016ء)وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے چیئرمین اقتصادی رابطہ کمیٹی کی حیثیت سے نان فائلرز کیلئے بینکوں کے ذریعے رقوم کی منتقلی پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 0.6 فیصد سے کم کر کے 0.3 فیصد مقرر کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ وزارت خزانہ سے ہفتہ کوجاری بیان کے مطابق ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں کمی 29 فروری 2016 تک موثر رہے گی ۔

(جاری ہے)

انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2016 کے تحت وفاقی حکومت کوای سی سی کی سفارش پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح میں تبدیلی کا اختیار حاصل ہے ۔ دریں اثناء افراد کی انجمنوں اور افراد کیلئے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 29 فروری 2016 ء تک توسیع کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے ۔ تاجروں کیلئے انکم ٹیکس دوسرا ترمیمی ایکٹ 2016 ء کے مطابق ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ بھی 29 فروری 2016 مقرر ہے ۔ وزارت خزانہ کے مطابق تاریخوں میں توسیع ٹیکس نادہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنے کیلئے کی گئی ہے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں